پاکستان میں کھیلوں کی نشریات کے چینل ٹین سپورٹس پر غیرقانونی سٹے بازی کے اشتہارات دکھانے پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
سنیچر کو ٹین سپورٹس پر ویلنگٹن کے سٹیڈیم میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا تیسرا ون ڈے میچ براہِ راست نشر کیا گیا۔
مزید پڑھیں
ایکس پر ایک صارف نے اپنی پوسٹ میں توجہ دلاتے ہوئے لکھا کہ ٹین سپورٹس پر روزانہ کھلے عام بیٹنگ کے اشتہارات نشر کیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے وزارتِ اطلاعات و نشریات کی بیٹنگ اشتہارات کے خلاف زیرو ٹالرنس‘ پالیسی پر عمل درآمد پر سوال اُٹھائے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے اس پوسٹ کے جواب میں لکھا کہ ’جوئے یا سٹے بازی سے منسلک (سروگیٹ) کمپنیوں کے اشتہارات کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرینس پالیسی ہے اور ایسے اشتہارات غیرقانونی ہیں اور ان پر سخت پابندی ہے۔‘
We spoke yesterday on this issue and I gave you the following version to publish as our official stance
"There is zero tolerance against any ads of surrogate betting companies and it is strictly forbidden and illegal
When international broadcasters from whom rights are… https://t.co/tSaSAWBa7J
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) November 1, 2025
انہوں نے وضاحت کی کہ جب بین الاقوامی نشریاتی ادارے، جن سے نشریاتی حقوق حاصل کیے جاتے ہیں، سٹیڈیم میں دکھایا جانے والا کوئی مواد نشر کرتے ہیں تو وہ بین الاقوامی مقام اور غیر ملکی نشریاتی ادارے کی جانب سے ہوتا ہے۔ اس صورت میں مقامی چینل جس نے نشریاتی حقوق حاصل کیے ہوں، کا اس مواد پر کوئی کنٹرول نہیں ہوتا۔‘
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے سٹے بازی کی تشہیر کے خلاف ’زیرو ٹالرینس پالیسی‘ کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایسی 40 موبائل ایپلیکیشنز کو، جن پر آن لائن جوا کھیلا جاتا ہے، غیرقانونی قرار دیا تھا۔











