Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے نااہل ایم ایل اے کے پاس 22 کروڑ روپے کی گاڑی

رولس رائس فینٹم انڈیا میں فروخت ہونے والی سب سے مہنگی گاڑی ہے۔
انڈیا کی جنوبی ریاست کرناٹک کے ایک ایم ایل اے ایم ٹی بی ناگاراج ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں لیکن اس بار ان کے خبروں میں اِن رہنے کی وجہ ان کا کوئی سیاسی پینترہ نہیں بلکہ وہ مہنگی ترین کار ہے جو انہوں نے خریدی ہے۔
رولس رائس فینٹم (ہشتم) کار انڈیا میں فروخت ہونے والی سب سے مہنگی گاڑی ہے جس کی قیمت 22 کروڑ روپے بنتی ہے۔

رولس رائس انڈیا میں فروخت ہونے والی سب سے مہنگی گاڑی ہے جس کی قیمت ساڑھے نو کروڑ ہے.(فوٹو:ٹوئٹر)

یاد رہے کہ کرناٹک میں ہوسکوٹے سے کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب رکن اسمبلی ایم ٹی بی ناگاراج کو گذشتہ دنوں کرناٹک اسمبلی کے سپیکر کے ذریعے پارٹی مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔
اس کار کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں خریدار کی خواہش کے مطابق تبدیلیاں بھی کی جاسکتی ہیں۔ بہرحال یہ معلوم نہیں کہ ایم بی ٹی ناگ راج نے اس میں کسی قسم کی تبدیلی کرائی ہے یا کوئی اضافی سہولت بھی حاصل کی ہے۔
ناگراج نے انتخابات سے قبل ایک ہزار کروڑ مالیت کے اثاثے ظاہر کیے تھے جس سے ان کی اتنی مہنگی گاڑی خریدنے کی اہلیت واضح ہوتی ہے لیکن ان کے ناقدین کا خیال ہے کہ ’اتنی مہنگی کار کی خریداری دراصل اس پیسے سے ہی ممکن ہوسکی ہے جو بی جے پی نے انھیں اپنی پارٹی کے خلاف جانے کے لیے دیا تھا۔‘

ناگراج کے رالس رائس کار خریدنے کی خبر کانگریس کے سیاستدان نیویدتھ الوا نے اپنی ایک ٹویٹ میں دی۔ انھوں نے لکھا کہ 'وہ پہلے ہی کروڑ پتی تھے لیکن اب وہ ممبئی میں اپنی چھٹیوں سے مزید امیر ہوئے ہیں جہاں وہ اپنی ذاتی فلائٹ سے گئے تھے (یاد کیجیے)۔ حال میں نااہل قرار دیے جانے والے ایم ٹی بی ناگ راج (تصویر میں درمیان میں) اپنی نئی رالس رائس فینٹم کے ساتھ۔'

سنتوش یوسی بی نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'کیا اب بھی کوئی شک ہے کہ بی جے پی نے ایم ایل ایز کو رقم ادا کی؟'
کانگریس آرمی نامی ایک صارف نے لکھا: 'کرناٹک کے نااہل قرار دیے جانے والے ایم ایل اے ایم ٹی بی ناگ راج نے امیت شاہ سے ملنے والے 100 کروڑ روپے میں سے 31 کروڑ کی ایک مہنگی رالس رائس کار خریدی ہے اور ایک کروڑ سیلاب کے امدادی فنڈ میں دیا۔ اب ان کے پاس 68 کروڑ بچا۔'
ایس راج سیکر نامی صارف نے لکھا: 'غداری کے لیے بی جے پی کا انعام۔۔۔'

ایم ٹی بی ناگ راج کہتے ہیں کہ اس گاڑی کو حاصل کرنا ان کا ایک زمانے سے خواب رہا ہے۔
انھوں نے اس کار کے ساتھ پہلے اپنے شہر ہوسکوٹے کے معروف مندر کا دورہ کیا اور پھر اسی کار میں بیٹھ کر وہ بی جے پی کے رہنما اور کرناٹک کے نئے وزیراعلیٰ بی ایس یدورپا سے ملنے گئے۔ 

شیئر:

متعلقہ خبریں