سعودی عرب کے قدیم مکانات میں بیٹھکیں، جہاں انسانی اقدار اور تعلقات پروان چڑھتے ہیں
کچی مٹی سے بنے مکان آج بھی ملاقاتوں کے اہم مقام بنے ہوئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
عہد رفتہ کے دیہات میں کچی مٹی سے بنے مکانات میں بیٹھکوں کا عام رواج تھا جہاں انسانی اقدار و تعلقات پروان چڑھتے، تعارف و شناخت قائم ہوتی تھی۔
کچی مٹی کے ان مکانات کے درو دیواروں کی انمٹ یادیں مکینوں کے ذہنوں میں نقش ہوتی ہیں۔

مملکت کے حدود الشمالیہ کے متعدد تاریخی گاوں جن میں ’لینہ‘، ولوقہ، والدوید اور ام رضمۃ شامل ہیں وہ آج بھی علاقے کے لوگوں کے لیے ایک دھڑکتے دل کی حثیت رکھتے ہیں۔
کچی مٹی سے بنے وہ سادہ سے مکان اہل علاقہ کے لیے آج بھی ملاقاتوں کے اہم مقام ہیں جہاں بنی بیٹھکیں مہمانوں کی آمد ورفت اوراجداد کی قصوں سے پررونق رہتی ہیں۔

سادہ اورتنگ سی بیٹکھیں، محدود وسائل کے باوجود سب سے لیے کشادہ ثابت ہوتی ہیں۔ ہر ایک ان میں بخوبی سما جاتا ہے جیسے کہ وہ ان سب کے لیے بنی ہوں جہاں الفت و خلوص کی فراوانی ہو۔
ان مکانات کی کچی مٹی سے بنی ہوئی دیواری جن پرزمانے کی دراڑیں نمایاں ہیں دارصل وہ ماضی کے ماہ وسال کی زندہ علامات ہیں جو یہاں گزرے واقعات کے امین ہیں۔

یہ بیٹھکیں مروجہ معیار اور سامان عیش سے خالی اور سادگی کی علامت ہیں، ان کی تعمیر میں علاقے میں پایا جانے والا تعمیراتی مواد استعمال کیا گیا۔
اس میں سادگی اور متانت کا عنصر نمایاں ہے جو معاشرتی سچائی اور مستند اقدار و یکجہتی کا حقیقی آئینہ ہیں۔
