Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا

 تاریخی تعلقات اور دفاعی شعبے میں سٹرٹییجک تعاون کا جائزہ لیا گیا(فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو فرسٹ کلاس کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق خادم حرمین شریفین کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اعزاز سے نوازا۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’خادم حرمین شریفین کی ہدایت پر پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو تعاون اور پاک، سعودی تعلقات آگے بڑھانے کے لیے ان کی نمایاں کوششوں پر کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس سے نوازا۔‘
قبل ازیں ریاض میں وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر آمد کے موقع پر شہزادہ خالد بن سلمان نے جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا۔ انہیں تینوں مسلح افواج کی کمانڈ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے نئے کردار میں مسلسل کامیابی کی خواہش ظاہر کی۔
اس موقعے پر سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی تعلقات اور دفاعی شعبے میں سٹرٹییجک تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ بین الاقوامی امن و سلامتی کی کوششوں کے ساتھ مشترکہ دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔
سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ عبدالرحمان بن عیاف، چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی، مشیر وزیر دفاع برائے انٹیلی جنسی امور ہشام بن عبدالعزیز، اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی بندر حمد الحقبانی، سفیر پاکستان احمد فاروق،چیفس آف ڈیفینس فورسز کے سیکریٹری میجر جنرل محمد جواد طارق اور مملکت میں پاکستانی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر محسن جاوید موجود تھے۔

 

شیئر: