Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شاداب اور بیگم دونوں اہم ہیں‘

سامعہ، شاداب کے لیے حسن علی کہتے ہیں وہ دونوں انکی زندگی میں دوست بن کے آئے۔ فوٹو: ٹوئٹر
کرکٹرز حسن علی اور شاداب خان کی دوستی کے بارے میں پاکستانی کرکٹ کی دنیا سے واقفیت رکھنے والا ہر شخص جانتا ہے۔ اپنے دوست کے لیے اخلاص کا اظہار کرتے ہوئے حسن علی نے اپنی نو بیاہتہ اہلیہ کے ساتھ شاداب خان کا موازنہ کیا اور کہا کہ دونوں ان کے لیے بہت اہم ہیں۔
حال ہی میں ٹوئٹر پر حسن علی نے شاداب خان اور اپنی اہلیہ سامعہ آرزو کے ساتھ تصاویر لگائیں جس میں وہ دونوں کے ساتھ تقریباً ایک جیسے انداز میں نظر آرہے ہیں۔
تصاویر کے ساتھ حسن علی نے لکھا، ’یہ دو لوگ میری زندگی میں دوست بن کر آئے۔ ایک میرا بہت اچھا دوست بن گیا اور دوسری میری بیوی بن گئیں۔ میں ان دونوں میں بہت مماثلت محسوس کرتا ہوں۔‘
اپنے دوست اور اہلیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں مذاق کرتے ہوئے حسن علی نے لکھا، ’ان دونوں کو لگتا ہے میں بہت تنگ کرنےوالا شخص ہوں لیکن مجھے اس بات سے کوئی عار نہیں۔ میں نے اپنے آپ سے وعدہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے میں آپ دونوں کو ساری زندگی پریشان کرتا رہوں گا۔‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے میڈیم پیسر حسن علی نے کچھ روز قبل ہی اپنی زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کیا۔
حسن علی اور انڈیا کی سامعہ آرزو دبئی میں شادی کے بندھن میں بندھے۔ دبئی کے مقامی ہوٹل میں ہونیوالی تقریب نکاح میں حسن علی کے قریبی رشتے دار اور دوستوں نے شرکت کی۔ پاکستانی قومی ٹیم کے آل رائونڈر شاداب خان بھی موجود تھے۔
کرکٹر شاداب خان نے ٹویٹ کیا میرے یار کی شاد ی ! ’میری دعا ہے کہ تم اور بھابی ہمیشہ خوش رہو۔ میرے بھائی کی شادی شدہ زندگی بہت اچھی رہے۔‘
میڈیا میں حسن علی اور سامعہ کی شادی کی خبریں گردش کرنے کے بعد حسن علی نے دو اگست کو اپنی شادی کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے نکاح کی تقریب 20 اگست کو دبئی میں ہو گی۔
یاد رہے کہ سب سے پہلے پاکستان کے ظہیر عباس نے انڈیا کی ثمینہ عباس سے شادی کی۔ ظہیر عباس کے بعد محسن حسن خان کسی انڈین سے شادی کرنے والے دوسرے کرکٹر تھے جنہوں نے اداکارہ رینا رائے کو اپنی اہلیہ بنایا تھا۔ 
شعیب ملک کی انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے شادی کے کئی مہینوں تک چرچے رہے تھے، اور اب حسن علی انڈیا میں شادی کرنے والے چوتھے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں