پاکستانی آٹو موبائل مارکیٹ میں ان دنوں کافی نئی گاڑیوں کی لانچ نے صارفین کی توجہ حاصل کر رکھی ہے۔
ایک جانب ’جیکو جے فائیو ہائبرڈ ایس یو وی‘ نے کرولا آلٹس کی قیمت میں جدید ہائبرڈ ٹیکنالوجی پیش کی، جبکہ دوسری طرف ’چیری ٹیگو ایٹ پلگ اِن ہائبرڈ‘ پاکستان کی پہلی سیون سیٹر پی ایچ ای وی کے طور پر سامنے آئی ہے۔
مزید پڑھیں
-
’پی آر‘ اور عام اقامہ ہولڈر اپنے لیے گاڑیاں درآمد کرسکتے ہیں؟Node ID: 899272
یہ دونوں گاڑیاں اشارہ ہیں کہ سنہ 2026 پاکستانی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک اہم اور تبدیلیوں سے بھرپور سال ثابت ہونے والا ہے۔ اس سال لانچ ہونے والی مزید نئی گاڑیوں کے متعلق جاننے سے پہلے ایک نظر ڈالتے ہیں ’جیکو جے فائیو ہائبرڈ ایس یو وی‘ اور ’چیری ٹیگو ایٹ پلگ اِن ہائبرڈ‘ پر۔
’جیکو جے فائیو ہائبرڈ‘
’پاک ویلز‘ کے مطابق ’کرولا آلٹس‘ کی قیمت میں کارساز کمپنی ’جیکو‘ نے مقامی سطح پر اسمبل ہونے والی ’جیکو جے فائیو ہائبرڈ‘ لانچ کر دی ہے۔ یہ گاڑی جارحانہ پرائسنگ کے ساتھ دو ویریئنٹس میں متعارف کروائی گئی ہے۔ ’جیکو جے فائیو کمفرٹ‘ کی قمیت 66 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ ’جیکو جے فائیو پریمیم‘ کی قیمت 76 لاکھ 99 ہزار روپے ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ایکس فیکٹری قیمتیں تمام ٹیکسز بشمول لیوی کے ساتھ ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ کمفرٹ ویریئنٹ کی قیمت بالکل ’ٹویوٹا کرولا آلٹس 1.6 سی وی ٹی‘ کے برابر رکھی گئی ہے، جس نے مارکیٹ میں خاصا شور مچا دیا ہے۔ دونوں ویریئنٹس میں ایک ہی ہائبرڈ پاور ٹرین دی گئی ہے اور کمپنی کے دعوے کے مطابق گاڑی 18.8 کلومیٹر فی لیٹر کا فیول ایوریج فراہم کرتی ہے۔
کمفرٹ اور پریمیم کے درمیان فرق اضافی سیفٹی فیچرز، زیادہ ایئر بیگز اور کچھ کاسمیٹک اپ گریڈز کا ہے۔ گاڑی کی بکنگ 15 لاکھ روپے کی جزوی ادائیگی پر کھلی ہے جبکہ ابتدائی ڈیلیوریز فروری 2026 سے شروع ہوں گی۔ یہ تعارفی قیمتیں 10 مارچ 2026 تک برقرار رہیں گی۔
’چیری ٹیگو ایٹ پلگ اِن ہائبرڈ‘
گاڑیاں بنانے والی مشہور کمپنی ’چیری‘ نے پاکستان میں ’چیری ٹیگو ایٹ پلگ اِن ہائبرڈ‘ کو باضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے۔ یہ گاڑی پاکستان کی پہلی سیون سیٹر پلگ اِن ہائبرڈ ایس یو وی ہے، جس کی تعارفی قیمت ایک کروڑ 9 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
یہ قیمت 31 جنوری تک کی محدود مدت کے لیے ہے جس کے بعد اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ گاڑی بھی مقامی سطح پر اسمبل کی جا رہی ہے۔ اس کی بکنگ 50 لاکھ روپے کی ابتدائی ادائیگی پر کی جا سکتی ہے جبکہ ڈیلیوریز اپریل 2026 سے متوقع ہیں۔ قیمت کے لحاظ سے یہ ایس یو وی ’کِیا سورینٹو‘ (Kia Sorento)، ’ہیونڈائی سانتا فی‘ (Hyundai Santa Fe) اور ’ہیول ایچ سکس پلگ اِن ہائبرڈ‘ (Haval H6 PHEV) کو براہِ راست ٹکر دیتی ہے۔
چیری نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ ’ٹیگو سیون‘ اور ’ٹیگو نائن‘ بھی جلد پاکستان میں لانچ کی جائیں گی۔
بڑھتی مسابقت اور اوشان ایکس 7 کی قیمت میں کمی؟

نئی گاڑیوں کے متعارف کروائے جانے سے جہاں صارفین توقع کر رہے ہیں کہ مارکیٹ میں دوسری کمپنیاں اپنی قیمتوں پر نظر ثانی کریں گیں وہیں چند روز قبل چنگان ماسٹر موٹرز نے نئے سال کے آغاز پر فروخت بڑھانے کے لیے اپنی فلیگ شپ ایس یو وی اوشان ایکس 7 کے لیے نیو ایئر متعارف کرایا ہے۔ یہ آفر خاص طور پر 5 سیٹر FutureSense ویریئنٹ کے لیے ہے، جس میں براہِ راست قیمت میں کمی کے ساتھ اضافی سروس سہولت بھی شامل کی گئی ہے۔
اس آفر کے تحت مجموعی فائدہ 7 لاکھ روپے بتایا جا رہا ہے، تاہم یہ مکمل کیش ڈسکاؤنٹ نہیں۔ گاڑی کی ایکس فیکٹری قیمت کم ہو کر 86 لاکھ 99 ہزار روپے ہو گئی ہے، جبکہ 2 سال کا پیریاوڈک مینٹیننس پیکیج بھی شامل ہے جس کی مالیت 2 لاکھ 50 ہزار روپے ہے۔ اس پیکیج میں ابتدائی عرصے کی روٹین سروس لاگت شامل ہوگی۔
کمپنی کے مطابق یہ آفر محدود مدت اور محدود سٹاک کے لیے ہے، جو عام طور پر موجودہ سٹاک کلیئر کرنے کی حکمتِ عملی ہوتی ہے۔ مارکیٹ کے تناظر میں دیکھا جائے تو بڑھتی مہنگائی اور بلند سودی شرحوں کے باعث کئی مقامی کار ساز کمپنیاں اسی نوعیت کی عارضی رعایتیں دے رہی ہیں تاکہ خریداروں کی دلچسپی دوبارہ پیدا کی جا سکے۔
اس قیمت میں کمی سے اوشان ایکس 7 اُن خریداروں کے لیے زیادہ پرکشش ہو سکتی ہے جو پہلے 90 لاکھ سے زائد قیمت کی وجہ سے تذبذب کا شکار تھے۔
’جیکو جے فائیو‘ بمقابلہ ’چیری ٹیگو ایٹ‘: ایک تقابلی جائزہ
اگر دونوں گاڑیوں کا تقابل کیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ یہ مختلف خریدار طبقوں کو مدنظر رکھ کر متعارف کروائی گئی ہیں۔ ’جیکو جے فائیو ہائبرڈ‘ نسبتاً کم قیمت، بہتر فیول ایوریج اور شہری استعمال کے لیے موزوں ایس یو وی ہے، جو پہلی بار ہائبرڈ گاڑی خریدنے والوں کے لیے ایک مضبوط آپشن بن کر سامنے آئی ہے۔
اس کے برعکس ’چیری ٹیگو ایٹ پلگ اِن ہائبرڈ‘ ایک بڑی، سیون سیٹر اور پریمیم ایس یو وی ہے، جو فیملی استعمال، لمبے سفر اور جدید ٹیکنالوجی کے شوقین صارفین کو اپیل کرتی ہے۔ دونوں گاڑیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی مارکیٹ تیزی سے ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کی جانب بڑھ رہی ہے۔
2026 میں لانچ ہونے والی مزید گاڑیاں کون سی ہو سکتی ہیں؟
سنہ 2026 میں پاکستانی آٹو مارکیٹ میں متعدد گاڑیاں لانچ ہونے کی توقع کی جا رہی ہے جس میں الیکٹرک، ہائبرڈ اور پلگ اِن ہائبرڈ ماڈلز نمایاں ہوں گے۔
پاک ویلز کے مطابق اس فہرست میں ’آواتر ایلاون‘ (AVATR 11)، اور ’اوموڈا سی سیون‘ (OMODA C7) جو جدید ڈیزائن اور نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ مارکیٹ میں قدم رکھیں گی۔

اسی طرح ’دیپال کے فیفٹی ہنٹر‘ (Deepal K50 Hunter) اور ’ٹینک فائیو ہانڈرڈ‘ (TANK 500) جیسے طاقتور اور آف روڈ صلاحیتوں سے لیس ماڈلز بھی متعارف کروائے جانے کی توقع ہے۔
پک اپ سیگمنٹ میں ’جیک ٹی نائن پلگ اِن ہائبرڈ‘ (JAC T9 PHEV) اور ’پوئر کینن الفا‘ (Poer Cannon Alpha) اپنی موجودگی درج کرائیں گے، جبکہ ’سوزوکی فرونکس‘ (Suzuki Fronx) اور ’سوزوکی کیری 2026‘ (Suzuki Carry 2026) نسبتاً کم بجٹ خریداروں کے لیے نئے آپشنز فراہم کریں گی۔
پریمیم اور فیملی سیگمنٹ میں ’بی وائی ڈی سی لائن سکس پلگ اِن ہائبرڈ‘ (BYD Sealion 6 PHEV) اور ’ہیونڈائی پیلی سیڈ نئی جنریشن‘ (Hyundai Palisade – Next Gen) شامل ہوں گی، جبکہ ’چیری ٹیگو سیون پلگ اِن ہائبرڈ‘ (Chery Tiggo 7 PHEV) اور ’چیری ٹیگو نائن پلگ اِن ہائبرڈ‘ (Chery Tiggo 9 PHEV) ہائبرڈ ایس یو وی لائن اپ کو مزید مضبوط کریں گی۔













