’لڑکی اب آپ خود کو شرمندہ کر رہی ہو‘

تقریب کی تصویر فوٹو شاپ کرنے پر پرینکا تنقید کی زد میں ہیں، فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا سوشل میڈیا پر بہت زیادہ سرگرم ہیں اور اپنے شوہر امریکی گلوکار اور اداکار نک جونس کے ساتھ گزارے گئے ہر پل کی تصویریں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی ہیں۔
حال ہی میں ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈ کا انعقاد ہوا جس میں جونس برادرز نے ’بیسٹ پاپ سانگ‘ کا ایوارڈ اپنے گانے ’ساکر‘ کے لیے جیتا۔
ایوارڈ کی تقریب میں نک جونس کے ساتھ پرینکا شریک نہیں ہو سکیں تاہم انہوں نے اس کا حل فوٹو شاپ ٹیکنالوجی کی مدد سے نکال لیا۔
ایوارڈ لینے کے بعد جونس براردز کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ ان تصویروں تین میں سے دو بھائیوں کو اپنی اہلیہ کی ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک تصویر میں جو جونس سوفی ٹرنر اور کیون جونس ڈینیل کے ساتھ نظر آرہے ہیں جبکہ نک جونس ان کے قریب اکیلے کھڑے مسکراتے نظر آرہے ہیں۔

نک جونس کے اکیلے پن کا علاج پرینکا نے ڈھونڈ لیا اور اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے  ایم ٹی وی میوزک ایوارڈ کی جو تصویر شیئر کی اس میں فوٹو شاپ کے ذریعے اپنے آپ کو نک جونس کی بانہوں میں دکھا دیا۔
تصویر شیئر کرتے ہوئے پرینکا نے لکھا ہے ’ نک جونس میں ہمیشہ آپ کے ساتھ ہوں۔‘
پرینکا کی فوٹو شاپ کی گئی تصویر کو لے کر سوشل میڈیا پر دلچسپ بحث ہو رہی ہے اور پاکستانی سوشل میڈیا صارفین پرینکا کا مذاق اڑا رہے ہیں۔  
ان میں سے زیادہ تر صارف پرینکا کے حال ہی میں ایک تقریب کے موقع پر کہے گئے جملوں کا مذاق اڑاتے پائے گئے۔ 
واضح رہے کہ امریکی شہر لاس اینجلس میں ایک تقریب کے دوران پاکستانی نژاد امریکی خاتون عائشہ ملک نے پرینکا کے اںڈین فوج کی جارحیت کو سراہنے والے الفاظ کی مذمت کی تھی جس پر پرینکا نے انہیں جو کہا اس میں سے دو جملوں پر سوشل میڈیا پر کافی بحث ہوئی: ’اپنے آپ کو شرمندہ نہ کریں‘ اور ’کیا آپ نے پوری طرح غصہ نکال لیا‘۔ 

’کراچستا‘ نام کے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک صارف نے امریکہ میں پاکستانی نژاد خاتون کے ساتھ بحث کے دوران پرینکا چوپڑا کی جانب سے ان کو کہے گئے الفاظ ’اپنے آپ کو شرمندہ نہ کریں‘ کی نقل کرتے ہوئے لکھا کہ پرینکا نے چپکنے کی نئی حدوں کو چھو لیا۔
جاوید اے نامی صارف نے بھی پرینکا کے اسی جملے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ’ لڑکی اب آپ اپنے آپ کو شرمندہ کر رہی ہو۔‘
سن شائن نامی صارف نے لکھا ’اس نے ہمیشہ اپنے آپ کو شرمندہ کیا ہے۔‘

سارہ نام کے صارف نے لکھا ’مشہوری کی ناگوار کوشش۔ وہ (پرینکا) شرمندگی کے لیے سنجیدہ ہو گئی ہیں۔‘
تاہم انڈین صارفین پرینکا کا دفاع کرتے نظر آرہے ہیں اور پاکستانی صارفین کی تنقید کو مسترد کر رہے ہیں۔

ثنا رحمان نامی صارف نے لکھا ’پاکستانی پرینکا کا بائیکاٹ کر رہے تھے تو پھر وہ کیوں ان کی ایک پوسٹ پر کمنٹ کر رہے ہیں اور اپنے آپ کو شرمندہ کر رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ پرینکا جلد ڈائریکٹر رابرٹ راڈریگیز کی نیٹ فلیکس کی فلم ’وی کین بی ہیروز‘ میں جلوہ گر ہوں گی جو کہ ایک سپر ہیرو مووی ہو گی۔
وہ شونالی بوس کی فلم ’دا سکائی از پنک‘ میں فرحان اختر کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔

شیئر: