پاکستان میں پی ٹی اے اپرووڈ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمتوں کا اعلان، کتنا مہنگا ہوا؟
پاکستان میں پی ٹی اے اپرووڈ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمتوں کا اعلان، کتنا مہنگا ہوا؟
جمعہ 25 ستمبر 2026 9:29
عرفان احمد -اردو نیوز اسلام آباد
آئی فون 18 پرو سیریز کے رنگوں میں برگنڈی، سلور، بلیک اور گلیشئر شامل ہیں۔ (فوٹو: میک رؤمرز)
پاکستان میں ایپل کے باضابطہ ڈسٹری بیوٹرز مرسینٹائل اور جی نیکسٹ نے پی ٹی اے سے منظور شدہ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے تمام سٹوریج ویرینٹس کی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔
مرسینٹائل کی جانب سے جاری کردہ قیمتوں کے مطابق آئی فون 18 پرو کے 256 جی بی ویرینٹ کی قیمت 5 لاکھ 65 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 512 جی بی ویرینٹ 6 لاکھ 49 ہزار 999 روپے، ایک ٹیرا بائٹ ویرینٹ 8 لاکھ 19 ہزار 999 روپے اور 2 ٹیرا بائٹ ویرینٹ 10 لاکھ 75 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔
مرسینٹائل کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس کے 256 جی بی ویرینٹ کی قیمت 6 لاکھ 5 ہزار روپے، 512 جی بی ویرینٹ کی قیمت 6 لاکھ 90 ہزار روپے، ایک ٹیرا بائٹ ویرینٹ 8 لاکھ 60 ہزار روپے جبکہ 2 ٹیرا بائٹ ویرینٹ کی قیمت 11 لاکھ 15 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب جی نیکسٹ کی جانب سے جاری کردہ قیمتوں کے مطابق آئی فون 18 پرو کا 256 جی بی ویرینٹ 5 لاکھ 63 ہزار 999 روپے، 512 جی بی ویرینٹ 6 لاکھ 47 ہزار 999 روپے، ایک ٹیرا بائٹ ویرینٹ 8 لاکھ 18 ہزار 999 روپے اور 2 ٹیرا بائٹ ویرینٹ 10 لاکھ 73 ہزار 999 روپے کا ہے۔
جی نیکسٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس کے 256 جی بی ویرینٹ کی قیمت 6 لاکھ 3 ہزار 999 روپے، 512 جی بی ویرینٹ 6 لاکھ 88 ہزار 999 روپے، ایک ٹیرا بائٹ ویرینٹ 8 لاکھ 58 ہزار 999 روپے جبکہ 2 ٹیرا بائٹ ویرینٹ 11 لاکھ 13 ہزار 999 روپے کا ہے۔
ایپل نے اب تک پاکستان میں اپنا کوئی باضابطہ ریٹیل سٹور قائم نہیں کیا تاہم مرسینٹائل اور جی نیکسٹ جیسی کمپنیاں ملک میں ایپل کی مصنوعات کی باضابطہ ترسیل اور فروخت کرتی ہیں۔ ان کمپنیوں کے ذریعے فروخت کیے جانے والے آئی فونز پی ٹی اے سے منظور شدہ ہوتے ہیں۔
ان فونز کے ساتھ ایپل کی آفیشل وارنٹی بھی فراہم کی جاتی ہے، جبکہ بیرونِ ملک سے درآمد کیے گئے آئی فونز کے مقابلے میں باضابطہ ڈسٹری بیوٹرز سے خریداری کی صورت میں وارنٹی کلیم کا عمل نسبتاً واضح ہوتا ہے۔
مرسینٹائل کے پاس مقامی پاکستانی موبائل ڈیلرز اپنی دکانیں رجسٹرڈ کرواتے ہیں اور ان کے پاس کمپنی کا سٹاک بھی موجود ہوتا ہے، جبکہ جی نیکسٹ بھی پاکستان میں ایپل کی مصنوعات کے باضابطہ ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کا حصہ ہے۔
پاکستان میں ایپل سٹور نہ ہونے کے باعث نئے آئی فونز کے لانچ پر مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال دیکھی جاتی ہے، جس کے باعث مختلف ریٹیلرز کے ہاں آئی فونز کی قیمتیں باضابطہ ڈسٹری بیوٹرز کی مقرر کردہ قیمتوں سے مختلف ہو سکتی ہیں۔
مقامی ریٹیلرز یعنی دکاندار بعض اوقات آئی فونز خود بیرونِ ملک سے درآمد کرتے ہیں اور اس پر کسٹمز ڈیوٹیز اور دیگر ٹیکسز ادا کرنے کے بعد انہیں مختلف قیمتوں پر فروخت کرتے ہیں۔
ایپل نے 9 ستمبر کو اپنے نئے آئی فون 18 پرو، 18 پرو میکس اور آئی فون ڈیوو متعارف کروایا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اس میں کاروبار کا ’سپلائی اینڈ ڈیمانڈ‘ کا اصول بھی لاگو ہوتا ہے۔ نئے آئی فونز کو جلد از جلد پاکستان میں لانا اور صارفین کی طلب مقامی مارکیٹ میں ان کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔
باضابطہ ڈسٹری بیوٹرز کے آئی فونز کا صارفین کو اس لیے بھی انتظار ہوتا ہے کیونکہ ان کی قیمت میں پاکستان میں قابلِ اطلاق پی ٹی اے ٹیکس اور دیگر متعلقہ چارجز شامل ہوتے ہیں، جس کے باعث صارفین کو فون کی مجموعی لاگت پہلے سے معلوم ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ مرسینٹائل اور جی نیکسٹ کی جانب سے جاری کردہ قیمتوں میں معمولی فرق موجود ہے، جبکہ دونوں ڈسٹری بیوٹرز نے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے 256 جی بی، 512 جی بی، 1 ٹیرا بائٹ اور 2 ٹیرا بائٹ ویرینٹس کی قیمتیں جاری کی ہیں۔
دوسری جانب رواں برس ایپل نے بھی اپنے آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کی قیمتوں میں 100 ڈالر کا اضافہ کیا ہے جس کے باعث پاکستان میں بھی پی ٹی اے اپرووڈ سٹاک کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
گزشتہ برس کی اگر مرسینٹائل آئی فون کی قیمتیں دیکھی جائیں تو پی ٹی اے اپرووڈ آئی فون 17 پرو میکس کی قیمت 5 لاکھ 65 ہزار سے شروع ہوئی تھی جو کہ بڑھ کر اب 6 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔