Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایڈ شیرن کے کنسرٹ سے ڈراپ، میکلمور کا ’فری فلسطین‘ میوزک کنسرٹس کا اعلان

امریکی ریپر میکلمور نے فلسطین کی حمایت میں ’فری فلسطین‘ میوزک کنسرٹس کا اعلان کردیا۔(فوٹو:اے ایف پی)
امریکی ریپر میکلمور نے فلسطین کی حمایت میں ’فری فلسطین‘ میوزک کنسرٹس کا اعلان کیا ہے، جن سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی فلسطینی عوام اور ان کی حمایت کرنے والی تنظیموں کو دی جائے گی۔
میکلمور نے 24 ستمبر کو انسٹاگرام پر میوزک کنسرٹس کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا آغاز اکتوبر میں یورپ سے ہوگا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انہیں فلسطین کے حق میں بیان دینے کے بعد ایڈ شیرن کے امریکی میوزک کنسرٹس کی باقی تاریخوں سے الگ کردیا گیا تھا۔
میکلمور نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’اگر گزشتہ چند ہفتوں نے ہمیں کچھ دکھایا ہے تو وہ یہ ہے کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران بہت کچھ تبدیل ہوا ہے۔‘
’فلسطینی آزادی کے حوالے سے اجتماعی بیداری پیدا ہوئی ہے، جبکہ ارب پتی افراد کی جانب سے اس آواز کو دبانے کی کوششوں اور فنکاروں سے عوام کی توقعات پر بھی توجہ بڑھی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ 2026 ہے، نسل کشی کے دوران غیر سیاسی رہنا اب قابلِ قبول نہیں۔‘
’لوگ فنکاروں سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ سامنے آئیں، خود کو آگاہ کریں اور لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں، اپنے سٹیج کو صرف تفریح تک محدود نہ رکھیں بلکہ ’فری فلسطین‘ کی آواز کو دبانے کی کوششوں کے خلاف بھی آواز اٹھائیں۔‘
میکلمور نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ صرف ایک فنکار یا ایک سٹیج تک محدود معاملہ نہیں۔‘
’جب ارب پتی طبقہ یہ فیصلہ کرنے کی طاقت رکھتا ہو کہ سٹیج پر کن آوازوں کو جگہ دی جائے اور کون سی آوازیں سننا بہت خطرناک سمجھا جائے تو ہر کسی کو اس پر توجہ دینی چاہیے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انہوں نے ایسے فنکاروں سے رابطہ کیا جو فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے اپنے اسٹیج اور پلیٹ فارم کا استعمال کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق ’یہ ایسے فنکار ہیں جو سمجھتے ہیں کہ ہمارے پلیٹ فارمز کی کوئی خاص اہمیت نہیں، اگر ہم انہیں صرف اس وقت استعمال کریں جب ایسا کرنا محفوظ ہو۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by BEN (@macklemore)

میکلمور نے کہا کہ کنسرٹس کا منصوبہ تیزی سے ترتیب دیا گیا، اس لیے فنکاروں، شیڈول اور دیگر تفصیلات پر ابھی کام جاری ہے، تاہم ’یہ ایک ایسا موقع ہے جہاں رفتار بن چکی ہے اور بہت سا کام کرنا باقی ہے۔‘
ابتدائی طور پر ’فری فلسطین‘ میوزک کنسرٹس 26 اکتوبر کو ڈبلن، 29 اکتوبر کو پیرس اور 30 اکتوبر کو لندن میں ہوں گے، جبکہ امریکہ میں ہونے والے کنسرٹس اور دیگر فنکاروں کے نام بعد میں سامنے لائے جائیں گے۔
میکلمور کے مطابق ان کنسرٹس سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی فلسطینی عوام اور فلسطینی تحریک کی حمایت کرنے والی تنظیموں کو دی جائے گی۔

انسٹاگرام پوسٹ پر  صارفین کا ردعمل

میکلمور کی جانب سے انسٹاگرام پر ’فری فلسطین‘ میوزک کنسرٹس کے اعلان کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔
متعدد صارفین نے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے میکلمور کی حمایت کی، جبکہ بعض نے امریکہ سمیت دیگر ممالک میں بھی کنسرٹس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے اعلان پر تنقید بھی کی اور میکلمور سے مختلف عالمی تنازعات پر ان کے مؤقف سے متعلق سوالات کیے۔
واضح رہے کہ میکلمور کو ایڈ شیرن کے ’لوپ ٹور‘ کی باقی امریکی تاریخوں سے اس وقت الگ کیا گیا تھا جب انہوں نے 4 ستمبر کو نیو جرسی کے میٹ لائف سٹیڈیم میں پرفارمنس کے دوران اپنا فلسطین کے حق میں گانا ’ہندز ہال‘ پیش کیا اور ’فری فلسطین‘ کا نعرہ لگایا۔
بعدازاں ایڈ شیرن نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کہا کہ میکلمور کو ٹور سے الگ کرنے کا فیصلہ ان کا نہیں تھا۔

شیئر: