Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سٹیو سمتھ نے کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا

سٹیو سمتھ کی اس وقت ٹیسٹ میں بیٹنگ اوسط 63.2 ہے، تصویر: اے ایف پی
آسٹریلیا کے سابق کپتان سٹیو سمتھ انڈین کپتان وراٹ کوہلی کو پچھاڑتے ہوئے آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔
وراٹ کوہلی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف جمیکا ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونا مہنگا پڑ گیا، جس کے بعد ان کی ٹاپ پوزیشن چھن گئی اور وہ رینکنگ میں پہلی سے دوسری پوزیشن پر چلے گئے۔
واضح رہے کہ سٹیو سمتھ انجری کے باعث ایشز سیریز کا لیڈز میں تیسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائے تھے لیکن اس کے باوجود وہ وراٹ کوہلی سے ایک پوائنٹ آگے نکل گئے ہیں۔
سٹیو سمتھ کو بدھ چار سمتبر سے اولڈ ٹریفورڈ میں شروع ہونے والے ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے لیے عثمان خواجہ کی جگہ آسٹریلوی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے، اس طرح انہیں اس میچ میں وراٹ کوہلی پر اپنی برتری میں بہتر بنانے کا موقع بھی میسر آئے گا۔

سمتھ 904 پوائنٹس لے کر پہلے،کوہلی 903 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، تصویر: روئٹرز 

رینکنگ کے مطابق سمتھ دسمبر 2015 سے 2017 تک ٹاپ پوزیشن پر موجود رہے۔ 30 دسمبر 2017 کو انہوں نے 947 رینکنگ پوائنٹس حاصل کیے جو سر ڈان بریڈ مین کے بعد تاریخ میں کسی بلے باز کی دوسری بہترین اوسط تھی، تاہم سمتھ پر بال ٹیمپرنگ کے باعث ایک سال کی پابندی کے دوران کوہلی اپنی رینکنگ میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے ان سے آگے نکل گئے۔
 ایک سال کی پابندی ختم ہونے کے بعد سٹیو سمتھ نے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے پہلے میچ میں عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے لگاتار دو سینچریاں بنا ڈالیں جبکہ سیریز کے دوسرے میچ میں بھی وہ سینچری کے قریب ہی تھے جب 92 رنز پر جوفرا آرچر کے باؤنسر پر وہ زخمی ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔
واضح رہے کہ سٹیو سمتھ کی ٹیسٹ میں بیٹنگ اوسط 63.2 ہے جو اس وقت دنیا کسی بھی بیٹسمین سے زیادہ ہے۔ یاد رہے کہ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ بیٹنگ اوسط آسٹریلیا ہی کے سر ڈان بریڈ مین کی 99.94 ہے۔ 

آئی سی سی نے سمتھ کی تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی کور تصویر بنا دی، تصویر: آئی سی سی

دوسری جانب وراٹ کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں صرف دو نصف سینچریاں سکور کیں جبکہ انہوں نے رواں برس ٹیسٹ میں ابھی تک کوئی سینچری نہیں بنائی۔
وراٹ کوہلی کو اکتوبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں اپنی رینکنگ بنانے کا موقع میسر آئے گا اور اس وقت وہ سٹیو سمتھ کی رینکنگ کو چیلنج کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آئی سی سی کی ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں بھی آسٹریلیا پہلے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز 908 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں