سعودی عرب کی اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکے کی مذمت
کچہری کے باہر خودکش دھماکے میں 12 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوئے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب نے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے خودکش بم دھماکے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
منگل کو سعودی عرب کے سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ، ’اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مملکت سعودی عرب کا سفارتخانہ اسلام آباد میں ہونے والے بم دھماکے جس میں جانی و مالی نقصان ہوا اور متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ گہری تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔‘
’سفارت خانہ ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کی مذمت کرنے کے سعودی عرب کے اصولی اور مستقل مؤقف کا اعادہ کرتا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا ہے کہ سعودی عرب ہلاک ہونے والوں کے لیے رحمت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے دعا گو ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں منگل کو کچہری کے باہر خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں کم سے کم 12 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوئے تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ دھماکہ خودکش تھا، حملہ آور اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا لیکن موقع نہ ملنے پر پولیس کی گاڑی پر حملہ کر دیا۔
خودکش دھماکہ منگل کی دوپہر 12 بج کر 39 منٹ پر اسلام آباد کے سیکٹر جی 11 میں واقع کچہری کے گیٹ کے عین سامنے ہوا تھا۔
خودکش دھماکے کے بعد پولیس نے کچہری کو خالی کروا لیا تھا اور عدالتیں بند کر دی تھیں۔
