کون سے سعودی جیو پارکس عالمی نیٹ ورک میں شامل ہیں؟
شمالی ریاض جیوپارک اور سلمیٰ جیوپارک کو اپریل 2025 میں باضابطہ طور پر یونیسکو کے عالمی جیوپارکس نیٹ ورک میں شامل کیا گیا۔ یہ اعزاز سعودی عرب کے ارضیاتی ورثے کی عالمی اہمیت اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اس کے اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شمالی ریاض جیوپارک جو 3200 مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہوا ہے، کو ایک وسیع کھلے فضا کا ارضیاتی میوزیم قرار دیا گیا ہے۔
اس میں 20 سے زیادہ اہم مقامات شامل ہیں جو ارضیاتی ورثے، تعلیم، تحقیق اور ماحولیاتی پائیداری کے لیے وقف ہیں۔ یہ ارضیاتی و سائنسی سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ماحولیات کے بارے میں آگاہی بڑھاتا ہے۔
سلمیٰ جیوپارک جو حائل کے جنوب میں تقریباً 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، 3145 مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ اس جیوپارک کی اہم خصوصیت سلمیٰ ماؤنٹین ہیں جو تقریباً 60 کلومیٹر تک پھیلے ہوئے ہیں اور ان میں ایک نمایاں چوٹی شامل ہے جو سطحِ سمندر سے 1380 میٹر بلند ہے۔
یونیسکو کا اعزاز مملکت کے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور مقامی کمیونٹیز کو اپنے منفرد ماحولیاتی وسائل کو سائنسی اور ثقافتی نقطہ نظر سے دریافت کرنے اور پائیدار طریقے سے استعمال کرنے کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔