Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں تین ملکی سیریز کے لیے سری لنکن ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی

سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف تین او ڈی آئی سیریز اور سہ فریقی ٹی 20 سیریز میں حصہ لینے کے لیے اتوار کو کپتان چریتھ سالنکا کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر استقبال کیا گیا۔
ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز راولپنڈی اور لاہور میں 17 سے 29 نومبر تک کھیلی جائے گی۔
پی سی بی کے بیان کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز 11 سے 15 نومبر کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
جمعے کو سری لنکا نے راولپنڈی اور لاہور میں ہونے والی تین ملکی ٹی20 سیریز اور پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ سکواڈ کی قیادت چریتھ اسالانکا کریں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پاک فوج اور رینجرز کی ایک ایک کمپنی لاہور میں تعینات کی جائے گی جبکہ فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تین تین کمپنیاں راولپنڈی میں تعینات کی جا رہی ہیں۔  
اس کے علاوہ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر فضائی نگرانی میں معاونت کریں گے جبکہ فوجی دستے آئین کے آرٹیکل 245 اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کے تحت تعینات کیے جائیں گے۔

تین ملکی ٹی20 سیریز میں افغانستان کی جگہ زمبابوے کو تیسری ٹیم کے طور پر شامل کیا گیا ہے (فوٹو: گیٹی امیجز)

یاد رہے کہ افغانستان کے دستبردار ہونے کے بعد زمبابوے نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت قبول کرتے ہوئے تین ملکی ٹی20 سیریز میں شرکت کی ہامی بھری تھی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’قذافی سٹیڈیم لاہور ایونٹ کے پانچ میچز کی میزبانی کرے گا۔ ہر ٹیم دوسری ٹیم کے ساتھ دو دو میچز کھیلے گی۔‘
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ایونٹ کا افتتاحی میچ 17 نومبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ 19 نومبر کو اسی میدان میں سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا میچ 22 نومبر قذافی سٹیڈیم کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں اپنے دوسرے میچ میں 23 نومبر کو اسی گراؤنڈ پر آمنے سامنے ہوں گی۔
سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان دوسرا میچ 25 نومبر کو جبکہ پاکستان اور سری لنکا کا دوسرا میچ 27 نومبر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوگا۔
تین ملکی سیریز کا فائنل میچ 29 نومبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

 

شیئر: