Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا کے 10 کھلاڑیوں کا دورہ پاکستان سے انکار

دورہ پاکستان سے انکار کرنے والوں میں ی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان لسیتھ ملنگا، سابق کپتان انجیلو میتھیوز، تھیسارا پریرا شامل ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سمیت 10 سینئر کھلاڑیوں نے ’سکیورٹی خدشات‘ کے باعث دورہ پاکستان سے معذرت کر لی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ  نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹیم کے 10 سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے جس میں ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان لسیتھ ملنگا اور سابق کپتان انجیلو میتھیوز اور تھیسارا پریرا بھی شامل ہیں۔
پاکستان آنے سے انکار کرنے والے باقی کھلاڑیوں میں سورنگا لکمل، دھننجا ڈی سلوا، دنیش چندی مل، نروشان ڈک ویلا، کسال پریرا، اکیلا داناجایا اور ڈیمتھ کرونارتنے شامل ہیں۔
خیال رہے 2009  میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے شدت پسندوں کے حملے کے بعد سے انٹرنیشنل ٹیموں کی غالب اکثریت پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کرتی رہی ہیں۔

سری لنکا کے ٹور کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کی کششوں کے حصے کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق دورہ پاکستان کے لیے اعلان کردہ ابتدائی ٹیم کے ارکان کو دورے کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور اس کے بعد انہیں اختیار دیا گیا کہ وہ پاکستان جانے کا آزادانہ فیصلہ کریں۔
بیان کے مطابق بریفنگ کے بعد 10 کھلاڑیوں نے پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کر لیا۔ دورے کے دوران سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں تین ایک روزہ اور تین ٹی 20 میچز کھلیے گی جو کہ 27 ستمبر سے کراچی میں شروع ہوں گے۔
سری لنکا کے ٹور کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کی کششوں کے حصے کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔
سری لنکن بیٹسمن دانشکا گوناتھی لاکا کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں ٹور کے لیے سکیورٹی کافی ہوگی۔
ان کے مطابق جو کچھ بریفنگ میں بتایا گیا اس کے بعد میرا خیال ہے سیکیورٹی مناسب ہوگی۔
مزید پڑھیں
خیال رہے 2009 کے حملے کے بعد سری لنکن ٹیم 2017 میں ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے کے لیے پاکستان آئی تھی۔ میچ لاہور میں ہوا تھا اور پریرا نے مہمان ٹیم کی قیادت کی تھی۔ تاہم اس دفعہ انہوں نے پاکستان آنے سے انکار کیا۔
سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلنا ہیں لیکن ابھی تک میچوں کی تاریخ اور جگہ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
تاہم سری لنکا کے وزیر کھیل ہرن فرننڈو نے ٹیسٹ میچ پاکستان میں کھیلنے کی مخالفت کی ہے اور تجویز دی کہ ٹیسٹ میچز متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلے جائیں۔
سری لنکا میڈیا کے مطابق اسٹار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں لاہیرو تھری مانے پاکستان کے دورے میں سری لنکا کی ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ داسون شناکا لاہور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں کپتانی کریں گے۔
میچوں کا شیڈول
سری لنکا اور پاکستان کے درمیاں یہ سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر کے درمیان کھیلا جائے گا جس  کے دوران دونو ٹیمیں تین ایک روزہ میچز اور تین ٹی 20 میچز کھیلیں گے۔
شیڈول کے مطابق میزبان ٹیم اس ماہ کی 25 تاریخ کو کراچی پہنچے گی جہاں 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو 3 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔
دوسرے مرحلے میں سری لنکن ٹیم لاہور پہنچے گی جہاں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

شیئر: