Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرون کا ڈر:دبئی ایئرپورٹ 15 منٹ تک بند

سیکیورٹی اداروں کو فضائی حدود میں نامعلوم ڈرون کی موجودگی کا خدشہ تھا۔ (فوٹو:گلف نیوز)
دبئی ایئرپورٹ انتظامیہ نے15 منٹ کے لیے جہازوں کی آمدو رفت روک دی۔ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق 12 بجکر 36 منٹ سے 12 بجکر 51 منٹ تک دبئی ایئر پورٹ مکمل طور پر بند رہا۔
الامارات الیوم کے مطابق سکیورٹی اداروں کو دبئی کی فضائی حدود میں نامعلوم ڈرون کی موجودگی کا خدشہ تھا لہذا احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ایئرپورٹ بند کر دیا گیا۔
 انتظامیہ نے کہا ہے کہ ایئرپورٹ کی بندش کے دوران دبئی آنے والی دو پروازیں متاثر ہوئیں۔ 
سنگاپور سے آنے والی امارات ایئرلائن کی پرواز کو دبئی ورلڈ سینٹرل منتقل کیا گیا جبکہ نئی دہلی سے آنے والی پرواز کو شارجہ ایئرپورٹ پر بھیجا گیا۔

 دبئی آنے والی 2پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ (فوٹو:خلیج ٹائمز)

دبئی ایئرپورٹ انتظامیہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی اداروں کی طرف سے کلیئرنس ملنے کے بعد ایئرپورٹ دوبارہ پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دبئی ائیرپورٹ کو ایک ڈرون کی مشتبہ پرواز کے سبب بند کرنا پڑا تھا۔
یہ واقعہ 15 فروری کو رونما ہوا تھا جب ائیر پورٹ کو دبئی وقت کے مطابق 10 بج کر 13منٹ سے 10 بج کر 45 منٹ تک بند کرنا پڑا تھا۔
دبئی میڈیا آفس نے اس وقت ٹویٹ کے ذریعے واضح کیا تھا کہ دبئی ائیرپورٹ کو ایک ڈرون کی وجہ سے آدھے گھنٹے کے لیے بند کرنا پڑا ہے۔ 
دبئی حکام نے خبردار کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے قوانین کے مطابق ڈرون کی پرواز اجازت سے مشروط ہے لہذا بلا اجازت اس کی پرواز غیر قانونی ہے۔
دبئی ائیرپورٹ کو 2015ء میں بھی ایسی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا جب ائیرپورٹ کو 55 منٹ تک بند کرنا پڑا تھا۔
 2016ء میں ایسے تین واقعات پیش آئے جب ائیر پورٹ کو کچھ وقت کے لیے بند کرنا پڑا۔ ان میں دو واقعات آدھے گھنٹے کے دورانیے کے تھے جبکہ تیسرے واقعے میں 115 منٹ تک اس مشکل کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔
متحدہ عرب امارات نے ایسے علاقے جہاں پر ڈرون اڑانے کی اجازت نہیں وہاں ڈرون اڑانے پر سزائیں اورایک لاکھ درہم تک جرمانہ مقرر کر رکھا ہے۔

شیئر: