Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناسا نے سیارچے کا نام کس عرب سائنسدان سے منسوب کردیا؟

فاروق الباز نے خلا نوردوں کو چاند سے مٹی کے نمونے حاصل کرنے کی ٹریننگ دی تھی(فوٹو: فیس بک)
امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے خلائی علوم کے ماہر مصری سائنسدان فاروق الباز کے نام سے ایک سیارچہ منسوب کردیاہے۔ ناسا نے یہ فیصلہ خلائی ریسرچ کے سلسلے میں مصری سائنسدان کی خدمات کے اعتراف میں کیا ہے۔
الشرق الاوسط کے مطابق فاروق الباز نے گزشتہ صد ی کے چھٹے عشرے کے دوران چاند کی سطح دریافت کرنے کے لیے بھیجے جانے والے ’اپولو‘ سے لے کر مدار سے زمین کی تصاویر بنانے تک متعدد اہم خلائی منصوبوں پر کام کیا۔
 تاریخ میں پہلی بار کسی سیارچے کو کسی مصری سائنٹسٹ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ مصر کی وزیر سمندر پار نبیلہ مکرم نے  فارو ق الباز کو یہ اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

تاریخ میں پہلی بار کسی سیارچے کو کسی مصری سائنٹسٹ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے(فوٹو:الاہرام)

فاروق الباز1938ء کے دوران شمالی قاہرہ کی الدقہلیہ کمشنری کے شہر السنبلاوین میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے  1958ء میں مصر کی عین شمس یونیورسٹی سے گریجویشن کیا تھا۔ پھر 1961ء میں امریکی انسٹی ٹیوٹ سے طبقات الارض کے علوم میں ماسٹرز کیا تھا۔ پھر 1964ء میں اکنامی ٹیکنالوجی میں پی ایچ ڈی کیا تھا۔
الباز نے ناسا کے خلائی پروگرام میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ یہی ہیں جنہوں نے چاند پر اپولو کو کہاں اتارا جائے اس کی منصوبہ بندی کی تھی۔ انہوں نے خلا نوردوں کو چاند سے مٹی کے نمونے حاصل کرنے کی ٹریننگ بھی دی تھی۔
فاروق الباز ان دنوں امریکہ کی بوسٹن یونیورسٹی میں ریموٹ سینس ایپلی کیشن سینٹر کے ڈائریکٹر کے طور پر کام کررہے ہیں۔ اس سے قبل وہ 1982ء میں ریاست میسا چوسٹس میں تصویری آلات کے ادارے آئی ٹیک کے ڈپٹی چیئرمین کے طو رپر کام کرچکے ہیں۔ 

فاروق الباز نے ’اپولو‘سمیت متعدد اہم خلائی منصوبوں پر کام کیا ہے(فوٹو: فیس بک)

انہوں نے واشنگٹن میں سیموتھونین انسٹی ٹیوٹ کے ماتحت خلائی علوم کے میوزیم میں 1973ء میں زمین اور سیاروں کا اسٹڈیز سینٹر قائم کیا تھا۔
فاروق الباز کئی یونیورسٹیوں میں تدریس کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ وہ 1958ء سے لیکر 1960ء تک مصر کی السیوط یونیورسٹی، 1963ء سے لیکر 1964ء تک امریکی کی میسوری یونیورسٹی اور 1964ء سے 1965ء تک جرمنی کی ہیڈل برگ یونیورسٹی میں پروفیسر کے طورپر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
فاروق الباز تقریباً 31 ایوارڈز حاصل کرچکے ہیں۔ ان میں مشہور ترین اپولو ایوارڈ، سائنس میڈل، ناسا ورکنگ ٹیم ٹریننگ ایوارڈ، چاند کے علوم کی ٹیم کا ایوارڈ، امریکن سوویت یونین اپولو پروجیکٹ میں ورکنگ ٹیم ایوارڈ، مصر کے سابق صدر سے اول درجے کا میرٹ ایوارڈ، بوسٹن کے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ سے گولڈن گیٹ ایوارڈ اور الدخلیہ سے منفرد فرزند وطن ایوارڈ ہیں۔
 

شیئر: