Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دو آم چوری کرنے پر دو ماہ قید اور جرمانہ

مسافر کے کارٹن سے چوری ہونے والے آموں کی قیمت 6 درہم سے زیادہ نہیں تھی
کبھی کبھی انسان کو اپنا شوق بیحد مہنگا پڑ جاتا ہے۔ انسان شوق کے ہاتھوں مجبور ہوکر کوئی ایسا کام کر بیٹھتا ہے جس کا خمیازہ اسے ذلت و خواری اور محرومی کی شکل میں چکانا پڑتا ہے۔ ایسا ہی کچھ دبئی ایئرپورٹ پر ایک 27 سالہ انڈین کارکن کے ساتھ ہوا۔
الامارات الیوم کے مطابق انڈین کارکن جو دبئی ایئرپورٹ ٹرمینل تھری پر ڈیوٹی دے رہا تھا، اپنے سامنے آموں کا کارٹن دیکھ کر اپنے شوق کے ہاتھوں مجبور ہوگیا۔ اس نے کارٹن سے دو آم نکال لیے۔ یہ کارٹن کسی مسافر کا تھا۔ آموں کی قیمت 6 درہم سے زیادہ نہیں تھی۔
دبئی فوجداری کی عدالت نے مقدمہ کی سماعت کرکے انڈین کارکن کو دو ماہ قید اور 5 ہزار درہم جرمانے کی سزا  اسٹے آرڈر کے ساتھ سنادی۔ عدالت نے آم چوری کرنے پر انڈین کارکن کو امارات سے بیدخل کرنے کا بھی حکم جاری کردیا۔

انڈین کارکن کو دو ماہ قید اور 5 ہزار درہم جرمانے کی سزا سنادی گئی

 
انڈین کارکن نے پبلک پراسیکیوشن کے سامنے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ وہ فروری 2017ء سے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سامان لادنے کا کام کررہا ہے۔ واقعہ کے روز وہ امارات ایئرلائنز کی پرواز سے سفر کرنے والوں کے بیگ چڑھانے کی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔ گودام میں تھا۔ اسے پیاس محسوس ہوئی اس کے سامنے ایک کارٹن رکھا ہوا تھا، اس میں اس نے پانی کی بوتل تلاش کرنے کی کوشش کی مگر پانی نہیں ملا۔ اسے آم نظر آئے تو اس نےدوآم لیکر کھالیے اور پھر کارٹن پرواز پر چڑھا دیا۔
اسٹیشن مینجر نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے سی سی کیمرے کے ذریعے انڈین کارکن کو کارٹن سے آم نکال کر کھاتے ہوئے دیکھ لیا تھا۔ فوراً ہی اسے طلب کرلیا گیا اس کے گھر کی تلاشی لی گئی۔ مقصد یہ جاننا تھا کہ کہیں اس نے مسافروں کے سامان سے کچھ اور نہ چرالیا ہو۔ مکان سے کوئی مسروقہ سامان برآمد نہیں ہوا۔ انڈین کارکن نے حلفیہ بیان دیا کہ اس نے پہلی مرتبہ یہ حرکت کی تھی۔
انڈین کارکن نے فوجداری عدالت کے سامنے  چور کی واردات قبول کرنے سے انکار کیا تاہم عدالت نے اسے مجرم قرار دے کر قید، 5 ہزار درہم جرمانے کی سزا اسٹے آرڈر کے ساتھ سنائی جبکہ اسے امارات سے بیدخلی کا حکم دیدیا۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: