Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان امریکہ میں کس کس سے ملے؟

وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ میں ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ کے سات روزہ دورے پر ہیں اور اس دوران عالمی رہنماؤں سے ان ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی نے وزیراعظم عمران خان کے امریکہ پہنچنے پر میڈیا کو بتایا تھا کہ دورے کا محور کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے سائیڈ لائنز پر دنیا بھر کے رہنما سفارتی محاذ پر ملک کو مضبوط کرنے کے لیے ملاقاتیں کرتے ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم نے پیر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔
وزیراعظم عمران خان نے دیگر جن اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں ان میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور ترک صدر رجب طیب اردوآن بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اپنے دورے میں کشمیر کے مسئلے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نے نیویارک میں ایرانی صدر حسن روحانی، اٹلی کے وزیراعظم گیسیپی کانٹے اور سوئس وزیراعظم ایولی مئیر سے ملاقاتیں۔ وزیراعظم عمران خان نے چین کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق عمران خان نے برطانوی وزیراعظم سے ملاقات میں دوطرفہ، علاقائی اور باہمی دلچسپی کے کثیرجہتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے برطانوی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق اورانسانی بحران کی سنگین صورتحال میں مدد کرنے کے لئے اپناکرداراداکرے۔ دونوں وزرائے اعظم نے افغان امن اور مفاہمتی عمل سمیت خطے کے دوسرے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے سوئس ہم منصب سے ملاقات میں بھی مسئلہ کشمیر پر بات کی۔ فوٹو: اے ایف پی

دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے سیاسی، تجارتی اور اقتصادی شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس سے نیو یارک میں ملاقات ہوئی ہے۔

شیئر: