Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہمارا ایک لائیک نہیں، زورو کے ہزاروں فالور‘

زورو کی زوردار پرفارمنس کے سوشل میڈیا پر بھی چرچے ہیں (فوٹو:ٹوئٹر)
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ٓآئی ایس پی آر) کے تعاون سے بنائے گئے ڈرامہ سیریل ’عہد وفا‘ کی پہلی قسط اتوار کو نشر کی گئی جس نے ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
ٹیزر ریلیز ہوتے ہی ناظرین اس ڈرامے کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے اور پہلی قسط نشر ہونے کے بعد اس ڈرامے کو عوام میں خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔
یوں تو ڈرامے میں شامل کاسٹ کی جاندار اداکاری اور مضبوط کہانی کو سراہا جا رہا ہے مگر اس کے ایک کردار نے سبھی کو اپنا دیوانہ بنا لیا ہے۔
یہ کردار ہے ’زورو‘ نامی ایک کتے کا۔
اس کتے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا پالتو کتا ہے۔
’زورو‘ تھائی گولڈن کتا ہے جس کی عمر دو سال ہے، ڈرامے میں زورو اور احد رضا میر کا پیار دیکھایا گیا ہے۔

عہد وفا  ایسےچار دوستوں کی کہانی پر مبنی ڈرامہ ہے جو اپنے وطن کی خاطر کسی ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں (فوٹو:ٹوئٹر)

’زورو‘ کی زوردار پرفارمنس نے ناظرین کو اتنا متاثر کیا کہ سوشل میڈیا پر جہاں اس ڈرامے پر تبصرے کیے جا رہے ہیں وہیں صارفین اس کتے کے لیے بھی اپنی پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔
ماروی ملک نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’ڈرامے میں سب سے اچھی چیز ’زورو‘ ہے جو ایک غیر معمولی صلاحیتوں والا پالتو جانور ہے۔‘

توئیٹیفائے نامی ٹوئٹڑ ہینڈل نے لکھا کہ ’سعد اور زورو کا آپس میں تعلق ہی سچا تعلق ہے۔‘

جہاں صارفین زورو سے متاثر نظر آئے وہیں کچھ ایسے بھی تھی جنہوں نے تنقیدی تبصرے کیے۔
ٹوئٹر صارف عظمیٰ کا کہنا تھا کہ نہ جانے یہ کب شیرو، زورو اور موٹو کی سوچ سے باہر نکلیں گے، جذباتی طور پر بلیک میل کرنے کے بجائے اور بھی کئی بہتر چیزیں کی جا سکتی ہیں۔

 
آپ کو بتاتے چلیں کہ ’زورو‘ پہلے ہی سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہے اور کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکا ہے۔
ڈرامے کی پہلی قسط کے نشر ہوتے ہی جہاں ٹوئٹر صارفین نے زورو پر بحث شروع کی وہیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر بھی زورو کے اکاؤنٹ پر فالورز دیکھتے ہی دیکھتے چھ ہزار کے قریب پہنچ گئے ہیں جن میں اب بھی لگاتار اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

فالورز کی اتنی تعداد پر صارفین چٹکلے بھی چھوڑتے نظر آئے، انسٹاگرام صارف دانش کا کہنا تھا کہ ’ہمیں کوئی ایک لائیک بھی نہیں دیتا اور یہ پانچ ہزار فالورز کا جشن منا رہے ہیں۔‘
زونیر نے لکھا کہ ’ہمارے ملک میں کتے کی اور انسان کی قدر کا اندازہ یہاں سے کیا جا سکتا ہے‘۔

ڈرامہ سیریل عہد وفا چار دوستوں کی کہانی پر مبنی سلسلہ وار ڈرامہ ہے جو اپنے ملک کی خاطر کسی ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔
ڈرامے میں عثمان خالد بٹ، احد رضا میر، وہاج علی اور احمد علی اکبر کے علاوہ زارا نور عباس، علیزے شاہ اور حاجرہ یامین بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز پاک‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: