Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت میں اب اقاموں کی خودکار تجدید

حکام کے مطابق آئندہ برس مزید ڈیجیٹل سہولتیں متعارف کروائی جائیں گی۔ فوٹو اے ایف پی
کویت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقاموں کی تجدید کے لیے آئندہ ماہ سے ڈیجیٹل سہولت فراہم کی جا رہی ہے جس سے 30 لاکھ غیر ملکی مستفیض ہوسکیں گے۔
کویتی اخبار القبس کے مطابق ڈیجیٹل سہولت سے مقیم غیر ملکی اپنے اور اہل خانہ کے اقامے خود کاراندازمیں تجدید کروا سکیں گے اس کے لیے انہیں متعلقہ دفاتر کے چکر لگانے بھی نہیں پڑیں گے۔

سہولت  سے جہاں غیر ملکیوں کو فائدہ ہو گا وہاں متعلقہ سرکاری دفاتر میں رہنے والا ازدحام بھی ختم ہو جائے گا:فوٹو اخبار القبس 

اس ضمن میں کویتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مقیم غیر ملکیوں کے لیے جاری کئے جانے والے رہائشی پرمٹ (اقامہ ) کی تجدید کے لیے سافٹ ویئر تیار کرلیا گیا ہے جسے یکم اکتوبر سے لانچ کر دیا جائے گا۔
کویتی وزارت داخلہ کی جانب سے نئی سروس کو ' اقاموں کی ڈیجیٹل تجدید ' کا نام دیا گیا ہے۔نئی خدمت کے ذریعے کویت میں مقیم غیر ملکی جن کی تعداد 30 لاکھ کے قریب ہے اپنا اور اپنے اہل خانہ کا اقامہ خودکار انداز میں تجدید کر واسکیں گے۔ 
اس سہولت کے نفاذ سے جہاں غیر ملکیوں کو فائدہ ہو گا وہاں متعلقہ سرکاری دفاتر میں رہنے والا ازدحام بھی ختم ہو جائے گا۔ اقاموں کی تجدید کے لیے غیر ملکیوں کو درکار فائل اور روایتی فارم بھی  بھرنا  نہیں پڑے گا جبکہ انہیں دفتر جانے کی زحمت سے بھی نجات مل جائے گی۔
وزارت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ نئی خدمت سے ان مشکلات کا بھی ازالہ ہو جائے گا جن کا سامنا بعض ناموں کے حوالے سے غیر ملکیوں کرنا پڑتا تھا جس میں عربی میں انکے نام غلط تحریر ہو جایا کرتے تھے۔ 
اقاموں کی تجدید کے حوالے سے فیس جمع کرانے کی سہولت بھی ڈیجیٹل رکھی گئی ہے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 ذرائع کا کہنا تھا کہ قبل ازیں گھریلو ملازمین کے اقاموں کی تجدید کے لیے مذکورہ سہولت فراہم کی گئی تھی جس کی کامیابی کے بعد اب تمام کارکنوں کے لیے ڈیجیٹل سہولت فراہم کی جارہی ہے تاکہ وسیع پیمانے پر اس سے مستفیض ہو سکیں۔
وزارت داخلہ کے ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ برس یعنی 2020 میں مزید ڈیجیٹل سہولتیں متعارف کروائی جائیں گی جن میں وزٹ ویزوں کا ڈیجیٹل اجراء بھی شامل ہو گا تاکہ تارکین وطن اپنے خونی رشتہ داروں کے لیے گھر بیٹھے ہی وزٹ ویز ے جاری کروا سکیں۔
کویت کی خبروں کے لیے ”اردو نیوزکویت“ گروپ جوائن کریں

شیئر: