Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’ایران کی جارحیت عالمی برادری کے لیے ٹیسٹ کیس‘ 

جارحیت کو روکنے کے لئے ٹھوس عالمی کوششوں کا مطالبہ کیا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے ایران کی جارحیت کو روکنے کے لئے ٹھوس عالمی کوششوں کا مطالبہ کیا ہے۔
 وزیر خارجہ ابراہیم عبد العزیز العساف نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ’حالیہ حملوں اور جارحیت نے ایرانی حکومت کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔ہم ایک ایسے بدمعاش اور دہشت گرد نظام سے نمٹ رہے ہیں جو بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے مسلسل خطرہ ہے‘۔
 امریکی خبررساں ادارے اے پی اور عرب نیوز کے مطابق العساف نے مزید کہا ’ ہمیں بہت اچھی طرح علم ہے کہ اس جارحیت کے پیچھے کون کھڑا ہے ‘۔ سعودی وزیر خارجہ نے تیل تنصیبات پر حملے کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے تیل تنصیبات پر حملے کو عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا۔( فوٹو: ایس پی اے) 

 سعودی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ’ ہم 40 برسوں سے اس رجیم کو جانتے ہیں۔ اس سے اچھائی کی توقع نہیں۔ یہ نہ صرف ہمارے خطے بلکہ دنیا بھرمیں دھماکوں کے ماسڑ مائنڈ ، تباہی اور قتل و غارت کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایران پر دباﺅ ڈالنے کے لیے ہر دستیاب طریقہ استعمال کرے۔ سب سے موثر طریقہ اس کے مالی وسائل منقطع کرنا ہے۔
 انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی جارحیت توانائی کی فراہمی اور عالمی معیشت کو بھی خطرے میں ڈالتی ہے۔ سعود ی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حالیہ حملہ بین الاقوامی برادری کے لئے حقیقی ٹیسٹ کیس ہے۔
 العساف نے اس الزام کو دہرایا کہ 14سمبر کو سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر ہونے والے ڈرونز اور میزائل حملوں میں ایران ملوث ہے۔
 العربیہ نیٹ کے مطابق العساف نے اس جانب توجہ دلائی کہ ایران جوہری معاہدے کے نتیجے میں مالی رقوم کی واپسی سے فائدہ اٹھا کر اسے مبینہ طور پر دہشت گردی کی فنڈنگ میں استعمال کر رہا ہے۔
 انہوں نے واضح کیا کہ یمن میں حوثی ملیشیا ایرانی سپورٹ سے سعودی عرب پر 250 سے زیادہ بیلسٹک میزائل فائر کر چکی ہے۔
 انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی نظام بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے بصورت دیگر اسے بھر پو جوابی اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: