Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ایشیائی درزی گرفتار ، ہنڈی میں ملوث ہونے کا شبہ 

دکان پر غیر معمولی آمد ورفت سے پولیس اہلکاروں کوشک ہوا
مکہ مکرمہ پولیس نے ایشیائی باشندے کو گرفتار کر لیا جس کے پاس سے 4 لاکھ ریال برآمد ہوئے ۔ ملزم  کے بارے میں ہنڈی کے کارروبار میں ملوث ہونے کا شبہ ہے ۔ 
ریجنل پولیس ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلز میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ کے علاقے النکاسہ میں کام کرنے والے درزی کی دکان پر غیر معمولی آمد ورفت رہنے کی وجہ سے پولیس اہلکاروں کوشک ہوا جس پر دکان کی نگرانی کا عمل شروع کر دیا گیا ۔
  دکان پر آنے والے اکثر غیر معروف افراد ہوتے تھے ۔ تفتیش پر مامور پولیس اہلکارو ںنے حاصل شدہ اطلاعات سے ادارے کو مطلع کیا  جہاں سے  پولیس ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے دکان کی تلاشی لی تو وہاں سے 4 لاکھ ریال برآمد ہوئے ۔
پولیس اہلکارو ںنے درزی سے خطیر رقم کے بارے میں دریافت کیا تو وہ مناسب جواب نہ دے سکا جس پر اسے گرفتار کر کے مقدمہ پراسیکیوشن جنرل کے ادارے میں بھیج دیا گیا ۔
ملزم کے بارے میں ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ وہ رقم غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کیا کرتا تھا ۔ درزی کی دکان اس نے محض دکھاوے کے لیے قائم کی ہوئی تھی جو دراصل اسکا اڈا تھا ۔ ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ 
واضح رہے مملکت میں ہنڈی کے کارروبار پر سخت پابندی ہے ۔ ہنڈی کے ذریعے اکثر و بیشتر غیر قانونی طور پر بھیجی جانے والی رقوم ممنوعہ مقاصد کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: