درعیہ سیزن: شہزادہ ترکی بن سعود کا محل ’جرات اور حوصلے کی داستان‘
شہزادہ ترکی اٹھارویں صدی میں تاریخی درعیہ کے الطریف ڈسٹرکٹ میں پیدا ہوئے (فوٹو: ایس پی اے)
الدرعیہ میں شہزادہ ترکی بن سعود کے محل میں ماضی اور حال دونوں، دل میں گھر کر جانے والے ایک تجربے کا سنگم بن جاتے ہیں اور جرآت، استقامت اور گر کر سنبھلنے کی ان تمام کہانیوں کی یاد پھر سے تازہ کر دیتے ہیں جن کا تعلق پہلی سعودی ریاست کے زمانے سے ہے۔
یہ محل اُن بنیادی سنگ ہائے میل میں سے ایک ہے جنھوں نے’ھل القصور‘ پروگرام میں جگہ بنائی ہے جو درعیہ سیزن 26/25 کے نمایاں انیشیٹیوز میں سے ایک ہے۔
یہ انیشیٹیو، اس محل کو دیکھنے کے لیے آنے والے کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے جو ثقافت اور سماجی اہمیت سے بھرپور اس سائٹ کے بارے میں مزید جانے میں دلچپسی رکھتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ ترکی اٹھارویں صدی میں تاریخی درعیہ کے الطریف ڈسٹرکٹ میں پیدا ہوئے۔
انھوں نے ایک ایسے ماحول میں آنکھ کھولی اور ابتدائی زمانہ گزارا جہاں دلیری، حوصلہ مندی، گھڑ سواری اور قیادت کا دور دورہ تھا۔ وہ اپنے والد امام سعود بن عبدالعزیز سے متاثر تھے جو پہلی سعودی ریاست کی افواج کے کمانڈر بھی تھے۔

الطریف ڈسٹرکٹ کے جنوبی حصے میں واقع اس محل کی تعمیر تیرہویں صدی ہجری کے اوائل میں شروع ہوئی۔ اس محل میں جگہ جگہ نجد کے مشہور اور روایتی فنِ تعمیر کی جھلک نظر آتی ہے۔
محل کو گارے اور اینٹوں اور اس زمانے کی خاص تعمیری سوغات تمرسک کی لکڑی استعمال کر کے بنایا گیا تھا۔ اس محل کے وسط میں بڑا صحن ہے جس کے اطراف میں محل کو دو منزلوں پر تعمیر کیا گیا ہے۔
اس کے وسیع دروازے اور باہر نکلنے کے کئی راستے نہ صرف اس زمانے کی فنی روایات بلکہ زندگی کی عملی حقیقتوں کے بھی عکاس ہیں۔

محل کو دیکھنے کے لیے آنے والے جوں جوں اُس زمانے کی تعمیر کے اِس باکمال شاہکار پر نظر ڈالتے ہیں، ان کا تخیل اور تصور یقیناً یہاں ہونے والی گفتگوؤں اور سٹریٹیجک فیصلوں کی طرف لوٹ جاتا ہوگا جو اِس محل کی چار دیواریوں میں کبھی ہوتے تھے اور جن کی بدولت، درعیہ نے اپنی مضبوطی اور طاقت کے بل بوتے پر ڈگمگانے کے بعد بھی سنبھلنے کی صلاحیت سے استفادہ کیا۔
آج صوتی اور برقی ٹیکنالوجیوں کی بدولت انٹرایکٹیو تجربات بہت بہتر اور مؤثر ہو چکے ہیں اور ان تاریخی بیانیوں کو زندہ کر دیتے ہیں جن کے دریچوں سے آج بھی ماضی کے مختلف پہلوؤں کو دیکھا جا سکتا ہے۔

محل میں رہائش کی نجی جگہوں سے لے کر مہمانوں اور بیٹھنے کے ہال، آج بھی اُس پہلی سعودی ریاست میں روز مرہ زندگی کی ایک شگفتہ تصویر پیش کرتے ہیں۔ یہاں فنِ تعمیر کی وہ تفصیلات موجود ہیں جن سے ثابت قدمی، جرآت اور دلیری کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔
درعیہ سیزن 26/25، درعیہ گیٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے وژن کو، سعودی ریاست کی جائے پیدائش میں درعیہ کے کردار کو تقویت دیتے ہوئے اسے تعاون فراہم کرتا ہے۔
