Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کار چوری کا واقعہ ایک گھنٹے میں نمٹا دیا

گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں کہیں بھی نہ چھوڑا جائے۔ فوٹو: خلیج ٹائمز
دبئی پولیس نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کر کہیں نہ جائیں کیونکہ اس طرح کار چوری کرنے والوں کو موقع مل جاتا ہے۔
خلیج ٹائمز ویب سائٹ کے مطابق دبئی پولیس کے کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹر کو القیس علاقے سے ایک گاڑی چوری ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ رپورٹ کے مطابق گاڑی کا مالک اپنے بیٹے کو اسکول چھوڑنے کے لیے جاتے ہوئے گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں چھوڑ کرگیا تھا۔
سینٹرنے رپورٹ ملتے ہی تمام پوائنٹس کو الرٹ کردیا اور ایک گھنٹے سے کم وقت میں دبئی پولیس کے 2اہلکاروں نے چوری ہونے والی کار کو برآمد کرلیا۔
دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل عبداللہ خلیفہ المرعی نے دونوں اہلکاروں خالد ابراہیم المزمی اور عبدالرحیم حسین کو کام سے لگن اور تیزی سے کام انجام دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے تعریفی اسناد دیں۔

دبئی پولیس لوگوں میں آگہی مہم چلا رہی ہے۔ فوٹو ایمریٹس 247

کمانڈر انچیف نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اعزاز ان دونوں افراد کو نہیں ملا بلکہ یہ دبئی پولیس کے تمام ملازمین کی حوصلہ افزائی ہے کہ وہ اسی لگن اور معیار کے ساتھ آئندہ کام کرتے رہیں گے اور اس میں مزید بہتری کی کوشش کریںگے۔
بعدازاں دونوں سپاہیوں ابراہیم المزمی اور عبدالرحیم حسین نے دبئی پولیس کے اعلیٰ عہدیداران کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہاہے کہ آج کی یہ تقریب اور ملنے والی سند دیگر لوگوں کو اپنے کام سے لگن بڑھانے کی ترغیب دے گی۔ 
واضح رہے کہ دبئی پولیس، ڈرائیوروں میں ان دنوں آگہی مہم چلا رہی ہے کہ وہ شاپنگ مالز ، گھر کے سامنے یا کہیں بھی گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑیں کیونکہ اس طرح وہ کار چوروں کو آسان ہدف فراہم کرتے ہیں۔

شیئر: