Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپ کی تیاری

یہ ’ایپ‘ پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک ہوگی تاکہ بچوں سے متعلق کیسز میں پیش رفت پر نظر رکھی جا سکے۔ فوٹو اردو نیوز
ملک میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات، اغوا اور گمشدگی کے کیسز کا موثر طریقے سے تدارک کرنے کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے ’میرا بچہ الرٹ‘ کے نام سے خصوصی اپلیکیشن بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ اپلیکیشن دو ہفتوں میں تیار کر لی جائے گی۔
کسی بھی بچے کی گمشدگی کی صورت میں اس اپیلیکیشن پر کوائف کے اندراج کی صورت میں تمام تفصیلات صوبوں کے آئی جیز اور دیگر سینئر افسران تک فوری طور پر پہنچ جائیں گی۔
’میرا بچہ الرٹ‘ پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک ہوگی تاکہ کسی بھی واقعے میں بچے کی برآمدگی اور کیس کی پیش رفت پر نظر رکھی جا سکے۔
کابینہ کے اجلاس میں وزیرِاعظم نے بتایا کہ بچوں کے ساتھ  ناخوشگوار واقعات کے کیسز کی تحقیقات میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اس کامیابی کے نتیجے میں ایسے واقعات میں ملوث دیگر ملزمان تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔
عمران خان نے کہا کہ والدین کی جانب سے بچوں سے متعلقہ کئی ناخوش گوار واقعات کو معاشرتی و دیگر وجوہات کی بنا پر سامنے نہیں لایا جاتا۔
ان کے بقول ’موجودہ حکومت وہ تمام اقدامات اٹھائے گی جس سے معصوم بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو سخت ترین سزائیں دلوائی جا سکیں۔‘

معاون خصوصی کے مطابق سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات میں سے وفاق نے 92 فیصد جبکہ خیبر پختونخوا نے 87 فیصد نمٹائی ہیں۔ فوٹو سوشل میڈیا

دوسری طرف منگل کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کابینہ میں رد و بدل وزیراعظم کا استحقاق ہے اور اس صوابدیدی اختیار کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ان کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے وضاحت کی کہ ان کو عہدے سے ہٹانے والی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب گذشتہ چند روز سے مقامی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وزیراعظم عمران خان اپنی کابینہ میں دوبارہ تبدیلیاں کرتے ہوئے اسد عمر کو واپس لا رہے ہیں جبکہ وزیر برائے سائنس اینڈ تیکنالوجی فواد چوہدری کی وزارت بھی تبدیل کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق نے کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، جن میں پاکستان کی پہلی ’ای کامرس پالیسی‘ کی  منظوری بھی شامل ہے۔
معاون خصوصی کے مطابق وزیراعظم کو پاکستان سٹیزن پورٹل کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ 11 لاکھ سے زیادہ شہری وزیراعظم سٹیزن پورٹل پر رجسٹر ہو چکے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کے مطابق ان کو عہدے سے ہٹانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ فوٹو اے ایف پی

انہوں نے مزید کہا کہ سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات میں سے 92 فیصد وفاق نے نمٹا لی ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں شکایات نمٹانے کی شرح 87 فیصد رہی ہے جبکہ سندھ سے شکایات متعلقہ حکومت کو بھجوا دی گئی ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں پاکستان، ملائیشیا اور ترکی کے مشترکہ ٹی وی چینل شروع کرنے کے فیصلے پر بھی بات چیت ہوئی۔ ان کے مطابق اس چینل کا مقصد اسلامو فوبیا کا تدارک اور دین اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنا ہو گا۔
انہوں نے وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے حوالے سے بتایا کہ امریکہ کی یونیورسٹیوں میں قائداعظم چیئر قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

شیئر: