Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکیوں کو میڈیا اور پرنٹنگ کے کاروبار کی اجازت

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی، فوٹو: واس
سعودی کابینہ نے غیر ملکیوں کو میڈیا اور پرنٹنگ سے وابستہ کاروبار کی اجازت دے دی ہے۔ اس حوالے سے سعودی عریبین جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی (ساجیا) کو لائسنس جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں جدہ کے قصر الاسلام میں سعودی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت تجارت اور سعودی عریبین جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی کی تجویز منظور کر لی گئی۔

کابینہ نے غیر ملکی میڈیا کو بیورو آفس کھولنے کی بھی اجازت دے دی، فوٹو: واس

تفصیلات کے مطابق کابینہ نے میڈیا اور پرنٹنگ سے وابستہ 19 شعبوں میں غیر ملکیوں کو کاروبار کرنے کی اجازت دی ہے۔ ضوابط پر پورا اترنے والے غیر ملکی مطبوعہ مواد کے علاوہ طباعت سے پہلے کی خدمات فراہم کرسکتے ہیں۔ لائبریریاں قائم کرسکتے ہیں، رسم الخط ، پینٹنگ، فوٹو گرافی، مختصر فلمیں، ڈاکومنٹریز، مختلف ٹی وی چینلزکے لیے صحافتی مواد ،سنیما، تھیٹر،سٹوڈیو خدمات،ڈسٹری بیوشن، سوشل میڈیا سے وابستہ مواد ،میڈیا سے متعلق مشورے اور اس شعبے سے متعلق دیگر کاروبار بھی کرسکتے ہیں۔
کابینہ نے غیر ملکی میڈیا کو مملکت میں بیورو آفس کھولنے اور یہاں نمائندے مقرر کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔

سعودی انویسٹمنٹ اتھارٹی جلد تفصیلی ضوابط کا اعلان کرے گی، فوٹو: واس

کابینہ نے واضح کیا ہے کہ میڈیا اور پرنٹنگ کے شعبے میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کو انویسٹمنٹ اتھارٹی کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
واضح رہے کہ سعودی عریبین جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی (ساجیا) جلد اس حوالے سے تفصیلی ضوابط کا اعلان کرے گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: