Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 پہاڑوں سے اٹھنے والا دھواں آتش فشاں کی علامت تو نہیں

سعودی عرب کے شمال میں واقع شہر حائل کے پہاڑی شگافوں سے اٹھنے والا دھواں علاقہ کے مکینوں میں خوف وہراس پھیلانے کا باعث بن رہا ہے۔
علاقہ کے رہائشیوں میں زبردست تشویش پھیلی ہوئی ہے کہیں شگافوں سے اٹھنے والا دھواں آتش فشاں پھٹنے کی علامت تو نہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ٹوئٹر صارفین نے دھواں اٹھنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’حائل کے قرب وجوار میں واقع پہاڑی سلسلے قدیم زمانے میں آتش فشاں تھے جو اب ٹھنڈے پڑ گئے ہیں تاہم اس بات کی ضمانت نہیں ہے کہ وہ دوبارہ نہیں پھٹ سکتے‘‘۔
کنگ سعود یونیورسٹی میں جیولوجیکل ماہر ڈاکٹر عبد العزیز بن لعبون نے کہا ہے کہ ’’پہاڑی شگاف سے اٹھنے والے دھوئیں کے بارے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے‘‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’’یہ علاقہ آتش فشانوں سے معروف ہے۔ یہاں کئی ٹھنڈے ہونے والے آتش فشاں موجود ہیں‘‘۔
ڈاکٹر عبد العزیز نے بتایا کہ ’’ویڈیو دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں زیر زمین کوئی گہرا شگاف ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ زمین کی انتہائی گہرائی میں لاوا پک رہا ہے‘‘۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ’’جیولوجیکل ادارے کو چاہئے کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنے ماہرین کو علاقہ میں بھیجے تاکہ معلوم ہوسکے کہ یہاں کیا معاملہ ہے اور قبل از وقت تدابیر اختیار کی جاسکیں‘‘۔
 

شیئر: