Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وفاقی وزیر کراچی میں بڑھتے جرائم سے پریشان ہوگئے

کراچی میں پی ٹی آئی کے کارکن آصف ہارون کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ کراچی میں ایک بار پھر جرائم بڑھ رہے ہیں۔
کراچی میں پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکن آصف ہارون کی ہلاکت پر ٹویٹ کرتے ہوئے علی حیدر زیدی نے لکھا کہ وہ بڑھتے جرائم کا معاملہ کابینہ کے اگلے اجلاس میں اٹھائیں گے اور وزیراعظم عمران خان سے درخواست کریں گے کہ وہ امن کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن وسائل کو استعمال میں لائیں۔
’کراچی کے مسئلہ پر توجہ دیے بغیر پاکستان کو آگے لے کر جانا ممکن نہیں۔‘
واضح رہے کہ سنیچر کو کراچی میں پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکن آصف ہارون چکلی کو عائشہ منزل کے قریب نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آصف ہارون شہر کے مسائل پر آواز اٹھاتے تھے اور پارٹی کے سرگرم کارکن تھے۔
تحریک انصاف صوبہ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کا ایک ویڈیو بیان میں کہنا تھا ’اس علاقے میں یہ ایک سلسلہ ہے کہ جو آگے بڑھا ہے اس کو قتل کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’یہ شہر کے امن کو خراب کرنے کی ایک بہت بڑی سازش ہو سکتی ہے۔ میں کہنا چاہوں گا کہ کچرے کے مسئلے پر جان بھی چلی گئی ہے۔‘
یاد رہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد سے شہر میں کچرا پھیلنے اور اسے وقت پر ٹھکانہ نہ لگائے جانے پر کافی ملکی سطح پر آوازیں اٹھی ہیں۔
ملک کے سب سے بڑے شہر میں جرائم بڑھنے سے متعلق علی حیدر زیدی کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے شاہد ملک نام کے ایک صارف نے لکھا کہ ’کراچی ہی نہیں بلکہ اسلام آباد میں بھی جرائم بڑھ گئے ہیں۔‘ شاہد ملک نے ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں اتنے زیادہ جرائم کا پہلے کبھی نہیں سنا تھا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسلام آبد میں چوری اور اغوا کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔
ان میں بچوں کی اغوا اور قتل کے واقعات بھی شامل ہیں۔
 

شیئر: