Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چور آٹھ لاکھ ڈالرز کی گھڑی لے اُڑا

پیرس میں رواں برس قیمتی گھڑیاں چھیننے کی 71 وارداتیں ہو چکی ہیں، فوٹو: اے ایف پی
فرانس میں چور سگریٹ پینے کے لیے ہوٹل سے باہر آنے والے جاپانی شخص کی 8 لاکھ 40 ہزار ڈالرز مالیت کی قیمتی گھڑی لے اُڑا۔
فرنچ پولیس نے منگل کو بتایا کہ پیر کے روز 30 سالہ جاپانی شہری سگریٹ پینے کے لیے پیرس کے فائیو سٹار ہوٹل سے باہر نکلا تو ایک شخص نے ان سے سگریٹ مانگا، اور ساتھ ہی اس نے جاپانی شخص کا ہاتھ پکڑ کر ان کی قیمتی سوئس ’رچرڈ ملے ٹائم پیس‘ اتار لی اور موقعے سے فرار ہو گیا۔
فرانسیی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چوری ہونے والی نایاب سوئس گھڑی کی مالیت 8 لاکھ 40 ہزار ڈالرز (7 لاکھ 70 ہزار یوروز) تھی۔
 واضح رہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں چور ایسے مالدار سیاحوں کو خاص طور پر ہدف بناتے ہیں جو پیچیدہ اندرونی سسٹم اور بھاری ساخت کی حامل ’ملے ٹائم پیس‘ باندھتے ہیں۔

فرینچ پولیس کو گھڑی چھیننے والے چور کا موبائل فون مل گیا ہے، فوٹو: اے ایف پی

’دا پیریزیئن‘ اخبار نے منگل کو ایک نقشہ شائع کیا جس میں ’گولڈن ٹرائی اینگل‘ اور ’چیمپ الائیسز‘ کے علاقوں میں کوئی دو درجن کے قریب ایسے مقامات کی نشان دہی کی گئی تھی جہاں رواں سال گھڑی چھیننے کی وارداتیں ہو چکی ہیں۔  
یہ دیکھا گیا ہے کہ پیرس میں جنوری سے ستمبر کے درمیان گھڑی چھیننے کے 71 واقعات ہوئے جن میں سے چار وارداتوں میں ’رچرڈ ملے‘ گھڑیاں چھینی گئیں جن کی مجموعی مالیت ایک لاکھ نو ہزار ڈالرز (ایک لاکھ یوروز) تھی۔
تاہم جاپانی شہری کی اس لحاظ سے یہ خوش قسمتی ہے کہ ان سے گھڑی چھیننے والے شخص کا واردات کے وقت موبائل فون وہاں گر گیا تھا۔
حکام نے مزید تحقیقات کے لیے یہ موبائل فون منظم جرائم اور چوری کی وارداتوں کی تحقیقات کرنے والے پولیس ڈویژن کے حوالے کر دیا ہے۔

شیئر: