Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گل پلازہ آتشزدگی: ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے معاوضے کا اعلان

گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 67 ہو گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی آگ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔
جمعے کو سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ’پلازے کے ہر دکاندار کو فوری گزر بسر کے لیے پانچ لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔ ہر دکاندار کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ذریعے سامان کا معاوضہ دیا جائے گا۔‘
’دو ماہ میں تمام دکانداروں کو متبادل جگہ فراہم کی جائے گی، اور ایک کروڑ روپے کا بلاسود قرضہ دیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کی اسی حالت میں دوبارہ تعمیر ہو گی۔
خیال رہے کہ 17 جنوری کو کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع تین منزلہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 67 ہو گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقامی حکومت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 67 ہو گئی ہے۔
اب تک کئی افراد لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ ان کے زندہ بچنے کے امکانات نہ ہونے کے براہر ہیں۔
مراد علی شاہ کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ تمام عمارتوں کا آڈٹ شروع ہو گیا ہے، اب تک 300 سے زیادہ عمارتوں کا جائزہ لیا جا چکا ہے۔ حفاظتی اقدامات نہ کرنے والی عمارتوں کو سیل کیا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ گل پلازہ کی اسی حالت میں دوبارہ تعمیر ہو گی۔ (فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان)

انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرنے والوں کے متعلق کہا کہ جن کو صوبہ سندھ ایک آنکھ نہیں بھاتا وہ خفیہ ایجنڈہ چلاتے ہیں، یہ پہلی بار نہیں ہے، پچھلی حکومت میں بھی یہی کیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ گل پلازہ کی ایف آئی آر ہو گی، تمام ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔

 

شیئر: