Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

14 ہزار سعودی خواتین کو پاسپورٹ جاری

محکمہ پاسپورٹ سے رجوع کرنے والی خواتین کو تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ فوٹو: سبق
سعودی حکومت کی جانب سے پاسپورٹ نکلوانے اور بیرون ملک سفر پر سرپرست کی منظوری کی شرط ختم کرنے کے بعد سے اب تک ریاض شہر میں 14 ہزارسعودی خواتین کو پاسپورٹ جاری ہوئے ہیں۔
ریاض میں محکمہ پاسپورٹ کے صدر دفتر نے کہا ہے کہ ’محکمہ سے رجوع کرنے والی خواتین کو تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔‘
خیال رہے سعودی حکومت نے خواتین کے لیے پاسپورٹ نکلوانے اور بیرون ملک سفر پر سرپرست کی منظوری کی شرط ختم کردی ہے۔
قبل ازیں سعودی خواتین کو پاسپورٹ نکلوانے یا بیرون ملک سفر کرنے کے لئے سرپرست کی تحریری اجازت درکار تھی جسے اب ختم کردیا گیا ہے۔
محکمہ پاسپورٹ کے سربراہ جنرل سلیمان الیحیی نے کہاہے کہ ’’ سرپرست کی اجازت کی شرط ختم ہونے کے بعد سے لے کر اب تک 9 ہزار خواتین نے آن لائن سسٹم ’’ابشر‘‘ کے ذریعہ پاسپورٹ بنوایا ہے جبکہ 5 ہزار خواتین نے محکمے کے دفاتر جاکر پاسپورٹ کے حصول کی کارروائی مکمل کی ہے‘‘۔

 9 ہزار خواتین نے آن لائن سسٹم ’’ابشر‘‘ کے ذریعہ پاسپورٹ بنوایا ہے۔ فوٹو: سبق

ریاض میں محکمہ پاسپورٹ کے صدر دفتر میں قائم خواتین کے شعبے کی سربراہ نورہ الاسمری نے کہاہے کہ ’محکمہ پاسپورٹ میں خواتین کا شعبہ نئے پاسپورٹ جاری کرنے اور تجدید کرنے کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔‘ 
انہوں نے کہا ہے کہ ’خواتین اپنی سہولت اور آسانی کو دیکھتے ہوئے پیشگی وقت مقرر کرنے کے لیے ٹوکن لے سکتی ہیں تاکہ رش سے بچا جاسکے۔ خواتین آن لائن سسٹم ’ابشر‘ کے ذریعہ اپنی سہولت کے حساب مناسب دن اور وقت بک کرسکتی ہیں۔‘
انہوں نے بتایا ہے کہ محکمہ میں کوائف جمع کرنے کے بعد پوسٹ کے ذریعہ پاسپورٹ ارسال کیا جاتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: