Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈان بریڈ مین کا ریکارڈ وِراٹ کوہلی کے نام

کوہلی بطور کپتان 50واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کے مایہ ناز بیٹسمین وِراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بناتے ہوئے عظیم آسٹریلیوی کرکٹر ڈان بریڈ مین کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
انڈیا کے شہر پونے میں جنوبی افریقہ اور انڈیا کے درمیان کھلیے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں کوہلی نے جمعے کو بریڈ مین کے ٹیسٹوں میں چھ ہزار 996 رنز کا ریکارڈ توڑا۔ کوہلی نے اپنے کیریئر کے 81ویں ٹیسٹ میچ میں ساتویں ڈبل سنچری بنائی ہے۔
کوہلی نے بریڈ مین کا یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے 138 اننگز کھیلیں تاہم بریڈ مین نے یہ ریکارڈ صرف 80 اننگز کھیل کر 99.94 کی اوسط سے سکور کرتے ہوئے بنایا تھا۔

کوہلی 254 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ فوٹو: اے ایف پی

30 سالہ انڈین کپتان نے نویں بار 150 سے زائد رنز بناتے ہوئے بریڈ مین کا آٹھ بار 150 سکور بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔
ٹیسٹ میچوں میں کوہلی اب تک 53 کی اوسط کے ساتھ سات ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے 2011 میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔
اب وہ سات ہزار رنز بنانے والے دنیا کے 50 بیٹسمینوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس فہرست میں اس سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹمسین انڈیا کے سچن تندولکر ہیں جنہوں نے 200 میچز کھیلتے ہوئے 15 ہزار 921 رنز بنائے۔
تندولکر 2013 میں 100 سنچریاں بنانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔
کوہلی انڈیا کی طرف سے سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے بیٹسمین بھی ہیں جبکہ بین الاقوامی سطح پر بریڈ مین 12 ڈبل سنچریاں بنا کر سب سے آگے ہیں۔

بریڈ مین کا شمار دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹسمینوں میں ہوتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

بطور کپتان 50 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے والے وِراٹ کوہلی اب تک کئی بین الاقوامی ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔
انڈین کپتان اب تک 239 ون ڈے میچز کھیلتے ہوئے 43 سنچریوں کی مدد سے کل 11 ہزار 520 رنز بنا چکے ہیں۔ ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے۔
کھیل کی خبریں واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیے ”اردو نیوز سپورٹس“ گروپ جوائن کریں

شیئر: