Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ریسلر نے گولڈ میڈل جیت لیا

انعام بٹ قطر ورلڈ بیچ گیمز میں حصہ لینے والے واحد پاکستانی کھلاڑی تھے، فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستانی ریسلر انعام بٹ نے قطر میں ہونے والی ورلڈ بیچ گیمز کے ریسلنگ مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیت لیا ہے۔
فائنل میں انعام بٹ نے جارجیا کے مارسا گشولی کو دو کے مقابلے میں پانچ پوائنٹس سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
گروپ سٹیج میں انعام بٹ نے 90 کلو گرام کیٹگری میں اپنے چاروں میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے پرتگال کے اداؤ رافیل، آذربائیجان کے کنان علیو، ترکی کے مرات اوزکان اور جارجیا کے ڈیٹو مارسا گشیلی کو شکست سے دو چار کیا۔
سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ سپین کے پیڈرو جیسنٹو گارشیا کے ساتھ تھا جس میں انہوں نے صفر کے مقابلے میں تین پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔
خیال رہے کہ انعام بٹ قطر ورلڈ بیچ گیمز 2019 میں حصہ لینے والے واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔

انعام بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں دو گولڈ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں، فوٹو: سوشل میڈیا

قطر جانے سے قبل انعام بٹ نے پاکستانی عوام سے کامیابی کے لیے دعاؤں کی  اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔
اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے مزید کہا تھا کہ اپنی جیت کو کشمیری بہن بھائیوں کے نام کروں گا۔
واضح رہے کہ انعام بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے سونے کے دو تمغے جیت رکھے ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: