Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پچاس لاکھ گھر مگر صرف 14 لاکھ درخواستیں

نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے لیے دو بار رجسٹریشن مہم شروع کی گئی
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے بڑے منصوبے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام‘ کے تحت کم آمدنی والے افراد کے لیے ملک بھر میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا تاہم تین تین ماہ کی دو رجسٹریشن مہموں میں صرف 14 لاکھ کے قریب لوگوں نے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔
منگل کو ملک بھر میں رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے پر نادرا سے جاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سکیم میں عوامی دلچسپی توقع سے خاصی کم رہی ہے۔ شاید اسی وجہ سے حکومت نے رجسٹریشن کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کیا ہے اور اب عوام رواں برس 15 نومبر تک درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
 یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان خود بھی متعدد بار اس سکیم کو انقلابی پروگرام قرار دے چکے ہیں تاہم حیرت انگیز طور پر گھروں کی تعمیر کے لیے درخواستیں 50 لاکھ سے بھی کم ہیں۔

وزیراعظم نے 15 جولائی کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح کیا تھا، فوٹو: سوشل میڈیا

وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح رواں سال 15 جولائی 2019 کو کیا جس کے تحت غریب شہریوں کو اپنا گھر آسان قسطوں پر فراہم کیا جائے گا۔
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’عوام کی سہولت اور جوش و جذبے کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے اور اب یہ درخواست فارم 15 نومبر 2019 تک وصول کیے جائیں گے۔‘
 نادرا اس سلسلے میں اپنے ای سہولت فرنچائز نیٹ ورک اور آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کے فرائض انجام دے رہا ہے۔
 ترجمان نادرا کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’دوسرے مرحلے میں سب سے زیادہ ضلع لاہور میں ایک لاکھ 50 ہزار 255  افراد نے رجسٹریشن کرائی۔‘

اب عوام 15 نومبر تک گھروں کے لیے درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں، فوٹو: ٹوئٹر

 ضلع ملتان میں 47 ہزار 802، بہاولپور میں 44 ہزار 786 افراد، کراچی کے مختلف اضلاع میں افراد 89 ہزار 62 اور پشاور میں 34 ہزار 484 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔
رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کے بعد اب آن لائن رجسٹریشن 15 نومبر تک کسی بھی نادرا ای سہولت فرنچائز پر 250 روپے فیس کے ساتھ کروائی جا سکتی ہے۔
 اس کے علاوہ کراچی کے عوام کے لیے ڈی ایچ  اے میگا سینٹر، لیاقت آباد نادرا سینٹر یا نارتھ ناظم آباد میگا سینٹر پر آن لائن رجسٹریشن کرانے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔
ترجمان نادرا کی جانب سے عوام سے کہا گیا ہے کہ ’وہ اپنا گھر حاصل کرنے کے لیے جلد سے جلد آن لائن رجسٹریشن کرائیں۔‘
 سمندر پار پاکستانیوں اور سستا اور آسان قسطوں پر گھر بنانے کی خواہش رکھنے والے پاکستانی کسی اضافی فیس کے بغیر نادرا کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: