Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں رضاکارانہ خدمات فراہم کرنے والے امریکی کانگریس کے نومنتخب رُکن آدم حماوی کون ہیں؟

آدم حماوی نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے دوران زخمی فلسطینیوں کا رضاکارانہ طور پر علاج کیا (فائل فوٹو: نیو جرسی مانیٹر)
اسرائیل کی غزہ پر جنگ کے دوران زخمی فلسطینیوں کا علاج کرنے والے ایک سرجن نے امریکی ایوانِ نمائندگان کی نشست جیت لی ہے۔ اِس کامیابی کے ساتھ وہ نیو جرسی سے منتخب ہونے والے کانگریس کے پہلے مسلمان رُکن بن گئے ہیں۔
ڈیموکریٹک امیدوار آدم حماوی نے منگل کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں کانگریس کے بارہویں انتخابی حلقے سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریپبلکن امیدوار گریگ میلے کو شکست دی۔ وہ کانگریس کی رُکن بونی واٹسن کولمین کی جگہ لیں گے، جنہوں نے عہدے سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
آدم حماوی پہلی مرتبہ انتخابی سیاست میں حصہ لے رہے تھے۔ اُن کا کہنا ہے کہ غزہ میں کام کرنے کے تجربے نے ہی انہیں سیاست میں آنے پر آمادہ کیا۔ انہوں نے جنوری میں اپنی انتخابی مہم کے آغاز پر جاری کی گئی ویڈیو میں کہا تھا کہ ’سیاست کبھی میرا منصوبہ نہیں تھی۔‘
العربیہ کے مطابق آدم حماوی مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پیدا ہوئے۔ اُن کی عمر جب صرف سات ماہ تھی تو اُن کا خاندان امریکہ منتقل ہو گیا۔ اُن کا خاندان ابتدا میں جرسی سٹی میں آباد ہوا، بعد ازاں نیو جرسی کے علاقے اولڈ برج منتقل ہو گیا، جہاں آدم حماوی نے پرورش پائی۔
العربیہ کے مطابق انہوں نے رٹگرز یونیورسٹی سے طب کی تعلیم حاصل کی اور بعد میں اسی جامعہ سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کی۔ بعدازاں وہ آٹھ برس تک امریکی فوج میں سرجن کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ انہوں نے عراق جنگ کے دوران بغداد کے 31 ویں کامبیٹ سپورٹ ہسپتال میں نو ماہ فرائض انجام دیے۔
نیو جرسی گلوب کے مطابق انہوں نے عراق میں سینکڑوں فوجیوں اور عام شہریوں کے آپریشن کیے۔ اِن مریضوں میں ریاست الینوائے کی سینیٹر ٹیمی ڈک ورتھ بھی شامل تھیں، جن کا ہیلی کاپٹر 2004 میں مار گرایا گیا تھا۔ ٹیمی ڈک ورتھ کا کہنا ہے کہ آدم حماوی نے اُن کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، چنانچہ اُنہوں نے اُن کی انتخابی مہم کی حمایت کی۔
العربیہ کے مطابق آدم حماوی نے سال 2011 میں امریکی فوج سے لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ریٹائرمنٹ لی اور دو سال بعد پرنسٹن میں پلاسٹک سرجری کا اپنا کلینک قائم کیا۔
انہوں نے طبی شعبے میں رضاکارانہ خدمات کا آغاز نیویارک میں 11 ستمبر کے حملوں کے بعد ہنگامی امدادی کارکن کی حیثیت سے کیا تھا۔ العربیہ کے مطابق بعد ازاں اُن کی خدمات انہیں شام، لبنان، سوڈان، اُردن، ترکیہ، بوسنیا، ہیٹی اور کولمبیا سمیت مختلف بحران زدہ علاقوں تک لے گئیں۔
مئی 2024 میں وہ 19 رُکنی طبی ٹیم کے ہمراہ غزہ پہنچے، جہاں اُنہوں نے خان یونس کے قریب یورپی ہسپتال میں تقریباً تین ہفتے خدمات انجام دیں۔ مسلم نیٹ ورک ٹی وی کے مطابق اِس ٹیم نے مجموعی طور پر 120 آپریشن کیے، جن میں نصف سے زیادہ بچوں کے تھے۔ نیو جرسی گلوب کے مطابق اِس طبی مشن کے دوران آدم حماوی غزہ میں پھنس کر رہ گئے تھے۔
العربیہ کے مطابق وہ سال 2025 میں دوبارہ غزہ گئے، جہاں فلسطینی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر عالمی ادارۂ صحت کے تعاون سے طبی خدمات انجام دیں۔

آدم حماوی نیوجرسی سے منتخب ہونے والے کانگریس کے پہلے مسلمان رُکن ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے سال 2024 میں غزہ سے واپسی کے بعد وائٹ ہاؤس اور امریکی کانگریس کی عمارت میں حکام سے ملاقاتیں کیں اور انہیں غزہ میں اپنی آنکھوں سے دیکھے گئے حالات سے آگاہ کیا۔
آدم حماوی نے اپنی انتخابی مہم میں ہر شہری کے لیے صحت کی سہولیات کی فراہمی، اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد کے خاتمے، طبی اور تعلیمی قرضوں کی معافی اور امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے ادارے کے خاتمے جیسے مطالبات کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا۔
اُنہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی کے لیے ابتدائی انتخاب میں کامیابی کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا تھا، ’بم نہیں، صحت کی سہولیات۔‘
اُنہوں نے جون میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ابتدائی انتخاب میں 11 دیگر امیدواروں کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ ایسا انتخابی حلقہ ہے جہاں ڈیموکریٹک پارٹی کو واضح برتری حاصل ہے۔

شیئر: