Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان سے فلسطینی صدر کے مذاکرات

مذاکرات کے دوران فلسطین کے تازہ حالات بھی زیر بحث آئےفوٹو ایس پی اے
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور فلسطینی صدر محمود عباس نے بدھ کو ریاض کے قصریمامہ میں مذاکرات کئے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ،علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ 
شاہ سلمان نے مذاکرات کے دوران فلسطینی صدرکو یقین دلایا کہ سعودی عرب ، فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔خود مختار ریاست کے قیام اور مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کے سلسلے میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کل بھی تھا، آج بھی ہے اور آئندہ کل بھی رہے گا۔

فلسطینی صدر نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پرحملوں کی پھر مذمت کی فوٹو ایس پی اے

فلسطینی صدر نے کہا کہ مملکت نے ہمیشہ فلسطین کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ساتھ دیتا رہے گا۔
فلسطینی صدر نے مزید کہا کہ ان کا ملک سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر تخریبی حملوں کی ایک بار پھر مذمت کرتاہے۔
مذاکرات کے دوران فلسطین کے تازہ حالات بھی زیر بحث آئے۔
شاہ سلمان نے فلسطینی صدر اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کے اعزاز میں شاندار ظہرانے کا بھی اہتمام کیا۔

دونوں رہنماﺅں نے دو طرفہ،علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو ایس پی اے

مذاکرات اور ظہرانے میں فلسطینی وفد کے علاوہ شاہی خاندان کی اہم شخصیات اور عہدیدار شریک ہوئے۔
 یاد رہے کہ فلسطینی صدر سعودی عرب کے دورے پر پیر اور منگل کی درمیانی شب ریاض پہنچے تھے۔ یہ دورہ ایسے ماحول میں ہورہا ہے جب کہ ایران، قطر اور ترکی وغیرہ فلسطینی کاز سے متعلق سعودی موقف پر تنقید کر رہے ہیں۔
فلسطینی صدر نے ریاض پہنچ کر ان تمام رپورٹوں کی عملی تردید کردی جن میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ بیت المقدس اور مسئلہ فلسطین سے متعلق سعودی موقف میں تبدیلی کے باعث فلسطین اور مملکت کے درمیان خلیج پیدا ہوگئی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: