Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بے وقوف مت بنو‘، ٹرمپ کا اردوغان کو خط

ترکی نے شام کے سرحدی علاقوں میں کرد ملیشیا کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز 9 اکتوبر کو کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ترک ہم منصب کو غیر معمولی خط لکھ کر تنبیہ کی ہے کہ وہ بے وقوف نہ بنیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے طیب اردوغان کو یہ خط ترکی کے شمال مشرقی شام پر حملے کے فیصلے کے بعد لکھا تھا جس کی تفصیلات اب منظر عام پر آئی ہیں۔
امریکی وائٹ ہاؤس نے اے ایف پی کو خط کے متن کی تصدیق کی ہے۔
9 اکتوبر کو لکھے گئے خط میں  ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر طیب اردوغان کو کہا کہ شام میں فوجی کاروائی کے اقدام پر تاریخ ان کو ’شیطان‘ کا لقب دے گی۔
ترکی نے 9 اکتوبر کو کرد ملیشیا کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز شام کے شمال مشرقی سرحدی علاقے ’راس العین‘ پر فضائی بمباری سے کیا تھا۔ ترکی نے فوجی  کارروائی امریکی فوج کے علاقے سے انخلا کے فوری بعد کی تھی۔
صدر ٹرمپ نے سفارتی آداب کو نظر انداز کرتے ہوئے صدر اردوغان کو کہا کہ وہ خود کو ہزاروں افراد کے خون کا ذمہ دار نہیں ٹھہروانا چاہیں گے، ’اور نہ ہی میں ترک معیشت کی تباہی کا ذمہ دار بننا چاہتا ہوں۔‘
خط میں صدر ٹرمپ نے ترک معیشت تباہ کرنے کی دھمکی بھی دی۔

صدر ٹرمپ نے 9 اکتوبر کو اپنے ترک ہم منصب کو خط لکھ کر شام میں کروائی کے خلاف تنبیہ کی تھی۔ فوٹو اے ایف پی

ٹرمپ نے طیب اردوغان کو ’ڈیل‘ کی پیشکش بھی کی، کہ ترک صدر اگر کرد سیرین ڈیموکریٹک فورس (ایس ڈی ایف) کے سربراہ مظلوم عابدی سے مذاکرات کریں تو ’بہترین ڈیل‘ ممکن ہو سکتی ہے۔
ترکی نے ایس ڈی ایف کے سربراہ مظلوم عابدی کو کرد ملیشیا ’پی کے کے‘ سے روابط پر ’دہشت گرد‘ قرار دیا ہوا ہے۔
ٹرمپ نے لکھا کہ اگر اردوغان کرد ملیشیا کا معاملہ انسانی اقدار کو سامنے رکھتے ہوئے درست طریقے سے حل کریں گے تو تاریخ بھی ان پر مہربان ہو گی۔
لیکن اگر اچھے نتائج نہ ہوئے تو تاریخ ان کو ہمیشہ ’شیطان‘ کے طور پر یاد کرے گی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خط کا اختتام صدر اردوغان کو اس نصیحت کیا کہ وہ سختی نہ کریں اور ’بے وقوف نہ بنیں‘
خط کے آخر میں انہوں نے صدر اردوغان کو لکھا کہ وہ ان کو بعد میں فون کریں گے۔

واٹس ایپ پر خبریں حاصل کرنے کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: