Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ سوال مودی اور عمران سے پوچھیں‘

سارو گنگولی کے مطابق بین الاقوامی ٹورز حکومتوں کی اجازت سے ہوتے ہیں، فوٹو: سوشل میڈیا
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نو منتخب صدر سارو گنگولی نے کہا ہے کہ انڈیا پاکستان دو طرفہ کرکٹ سیریز انڈین وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی منظوری سے ہی دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔
 ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق سارو گنگولی سے کولکتہ میں ہونے والی میڈیا بریفنگ میں سوال پوچھا گیا کہ ’کیا انڈیا اور پاکستان کی کرکٹ سیریز کا دوبارہ آغاز ہو سکتا ہے؟
اس پر سارو گنگولی کا کہنا تھا کہ ’آپ یہ سوال مودی جی اور عمران خان سے پوچھیں۔‘

گنگولی کا کہنا ہے کہ انڈیا پاکستان سیریز کا فیصلہ دونوں وزرائے اعظم کر سکتے ہیں، فوٹو: سوشل میڈیا

سابق انڈین کپتان کا کہنا تھا کہ ’یقیناً ہمیں اجازت لینا ہوتی ہے، کیونکہ بین الاقوامی ٹورز حکومتوں کی اجازت سے ہی ہوتے ہیں، لہٰذا ہمارے پاس یہ سیریز دوبارہ شروع ہونے کے سوال کا کوئی جواب نہیں۔‘
واضح رہے کہ آخری مرتبہ ان دو پڑوسی ممالک کے درمیان دوطرفہ سیریز 2012 میں کھیلی گئی تھی۔اس سیریز کی میزبانی انڈیا نے کی تھی جس میں دو ٹی 20 اور تین ایک روزہ میچز کھیلے گئے تھے۔
یاد رہے کہ 47 سالہ سارو گنگولی 23 اکتوبر کو بی سی سی آئی کے نئے صدر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ان ہی کی کپتانی میں انڈین ٹیم نے 2004 میں پاکستان کا تاریخی دورہ کیا تھا۔

انڈین ٹیم نے آخری مرتبہ 2004 میں گنگولی کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، فوٹو: سوشل میڈیا

یاد رہے کہ یہ دورہ 1999 کی کارگل جنگ کے بعد انڈین ٹیم کا پہلا دورہ تھا۔
واضح رہے کہ رواں برس 14 فروری کو پلوامہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد بی سی سی آئی نے (پاکستان کا نام لیے بغیر) آئی سی سی سے کہا تھا کہ ’وہ  دہشت گردی کرنے والے ممالک کو الگ کر دے۔‘
بی سی سی آئی کی انتظامی کمیٹی نے ورلڈ کپ میں پاکستان پر پابندی لگانے کے لیے بھی آئی سی سی پر زور دیا تھا۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: