Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی شہزادی کا فیشن سٹائل کتنا مہنگا؟

کیٹ مڈلٹن کا فیشن سٹائل دنیا بھرمیں ان کے مداح کاپی کرتے ہیں۔ فوٹو سوشل میڈیا
برطانوی شاہی جوڑا جب پاکستان پہنچا تو سب کی نظریں شہزادی کیٹ مڈلٹن پر مرکوز تھیں کہ وہ دورہ پاکستان میں کس طرح کے لباس کا انتخاب کریں گی۔
ڈچزز آف کیمرج کیتھرین اپنی ساس پرنسس آف ویلز لیڈی ڈیانا کی طرح عوامی شہزادی ہیں۔ وہ عوام میں بہت مقبول ہیں اور ان کا فیشن سٹائل دنیا بھر میں ان کے مداح کاپی کرتے ہیں۔
شہزادی سوموار کو جب اپنے خصوصی طیارے سے باہر آئیں تو سب ان کا لباس دیکھ کر بہت خوش ہوئے کیونکہ ان کا لباس مشرقی روایات کے عین مطابق تھا اور کاول نیک لائین والے فراک اور ٹراوزر میں وہ بہت دلکش لگ رہی تھیں۔
ان کا یہ ڈریس غیر ملکی ڈیزانیر کیتھرین واکر نے تیار کیا تھا۔ انہوں نے جو پرس ساتھ اٹھا رکھا تھا اور جو ایررنگز کانوں میں پہن رکھے تھے وہ پاکستان کے برینڈ زین کے تھے اور پرس کی مالیت 4500 پاکستانی روپے یا 29 ڈالر ہے اور ایررنگز کی قیمت صرف 10 ڈالر جو پاکستانی روپے میں 1500 ہے۔
ڈچزز نے جوتے رپٹرز سینڈرسن لندن کے پہن رکھے تھے۔

دورہ پاکستان کے دوران شہزادی کے ملبوسات مشرقی روایات کے عین مطابق تھے۔ فوٹو سوشل میڈیا 

اگلے روز برطانوی شاہی جوڑے نے اسلام آباد میں ماڈل سکول کا دورہ کیا اور ہر نگاہ کا مرکز پرنسس کیٹ تھیں۔
ان کے نیلے رنگ کا جوڑا پاکستان کی ڈیزائینر ماہین خان نے ڈیزائین کیا تھا جس کی مالیت 40 ہزار سے زیادہ ہے۔ جوتے نیو لک کے تھے جن کی قیمت صرف 23 پونڈ ہے۔ شہزادی کو یہ جوتے پہنے دیکھ کر صارفین کی بڑی تعداد نے یہ جوتے آن لائین آڈر کیے اور اس وقت یہ جوتا سولڈ آؤٹ ہے۔
ٹریل 5 پر شہزادی نے دوسرا جوتا پہن لیا جو رسل اور بروملے کا ہے۔
شہزادی نے جیولری میں اپنی منگنی کی انگھوٹی جوکہ اصل میں ان کی ساس لیڈی ڈیانا کی تھی پہن رکھی تھی اور ساتھ میں زین برینڈ کے ٹاپس پہنے جن کی مالیت صرف 10 ڈالر ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ظہرانے میں شہزادی نے پاکستان کے جھنڈے کے رنگوں کو منتخب کیا اور وہ ہرے اور سفید رنگ کے لباس میں نظر آئیں۔ انکا کوٹ کتھرین واکر نے تیار کیا تھا اور سفید ٹراوزر ماہین خان نے تیار کیا تھا۔ انکا کا ڈوپٹہ پاکستان کے برینڈ بونینزا ست رنگی کا تھا جس کی قیمت 1480 روپے ہے اور اس وقت یہ آن لائن سٹور پر سولڈ آوٹ ہے اور انکے ایررنگز آتھ ڈالر کے تھے جو زین برینڈ کے ہیں۔
شہزادی کیٹ نے جوتے اور پرس بھی ہرے رنگ کے میچ کیے اور ان کا کلچ 350 پاونڈز اور ہیلز 394 پاونڈز کا ہے اور برینڈ ایمی لندن ہے۔

شہزادی نے زیادہ تر پاکستانی ڈیزائنرز کے لباس زیب تن کیے تھے۔ فوٹو سوشل میڈیا

سوشل میڈیا پر صارفین نے انکے لباس کو بہت سراہا کہ شہزادی مشرقی رنگوں میں رنگ گئی ہیں اور رنگوں کا انتخاب پاکستان کی ثقافت کو خراج تحسین پیش کررہا ہے۔ برطانوی سفارت خانے کی طرف سے عشایے میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ ٹرک آرٹ والے رکشے میں بیٹھ کر آئے اور شہزادی ہرے رنگ کے گاون اور شہزادے نے پاکستان کی روایتی شیروانی ہرے رنگ میں زیب تن کررکھی تھی۔
شہزداہ ولیم کی شیروانی نعمان عارفین کے برینڈ نشیمن نے تیار کی تھی، شہزادی کا گرین گاؤن جینی پیکہم، جوتے جمی چو اور ایرنگ اونیتا لندن کے تھے۔
دورہ چترال میں شہزادی مکمل مغربی لباس میں ملبوس تھیں۔ اسکے ساتھ انہوں نے ڈوپٹہ بھی زیب تن کررکھا تھا۔ ڈچزز آف کیمرج کا لباس منٹ ولویٹ برینڈ کا تھا جس کی قیمت 49 پاونڈ ہے۔ انکی لیدر جیکٹ رییلی وایلڈ برینڈ کی تھی جس کی مالیت 315 پاونڈز تھی۔ انکے ٹاپس گولڈ پلیٹڈ تھے جوکہ مس سوما لندن برینڈ کے تھے جن کی قیمت 95 پاونڈز ہے۔ شہزادی کے لانگ بوٹس 315 پاوںڈز کے ہیں اور یہ بھی رییلی وایلڈ برینڈ کے ہیں۔
دورے کے دوران انہوں نے چترال کا روایتی کوٹ اور ٹوپی بھی پہنے۔ یہ کوٹ اور کیپ اسلام آبد میں جناح سپر اور لوک ورثہ میں دستیاب ہیں۔

شہزادی کیٹ نے شلوار قمیض کو عالمی دنیا میں خوبصورتی سے متعارف کروایا۔ فوٹو سوشل میڈیا

دورہ لاہور کا آغاز برطانوی شہزادی نے گل احمد کے سفید لباس سے شروع کیا جس کی قیمت 5800 ہے، جو اسٹور پر سولڈ اوٹ ہے۔ شہزادی نے اسپرے لندن کے ٹاپس پہن رکھے تھے جن کی مالیت چھ ہزار ڈالر سے زیادہ ہے انکا پرس ملبری لندن کا ہے۔
انہوں نے دو جوتے اس لباس کے ساتھ تبدیل کیے ائیرپورٹ پر انکے جوتے جے کریو 244 پاونڈز اور کرکٹ اکیڈمی میں ہیمٹن کینوس کے 35 پاونڈ کے جوتے انہوں نے پہن رکھے تھے۔ شہزادی یہ جیولری، جوتے اور پرس پہلے بھی پہن چکی ہیں۔

شہزادی نے پاکستان کے فیشن میں نئے ٹرینڈ سیٹ کیے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

شہزادہ اور شہزادی نے جب بادشاہی مسجد کا دورہ کیا تو انہوں نے سر بھی ڈھانپ رکھا تھا اور انکا لباس پاکستان کی ماہین خان نے ڈیزاین کیا تھا۔
شہزادی نے دورہ پاکستان میں مکمل لباس زیب تن کیا۔سوشل میڈیا پر صارفین ان کے لباس کو سراہتے رہے اور انکی طرف سے پاکستانی روایت کے احترام کو سراہا گیا۔

امیر ملک کی شہزادی ہونے کے باوجود کیٹ مدلٹن سادا لباس پہنتی ہیں اور جوتے، جیولری اور بیگز دہراتی بھی ہیں۔ فوٹو سوشل میڈیا

شہزادی نے پاکستان کے فیشن میں نئے ٹرینڈ سیٹ کیے ہیں۔ جس میں ایک ہی رنگ کا مکمل لباس اور ہم رنگ دوپٹہ اور پورے بازو شامل ہیں۔ کوٹ کے ساتھ ٹراوز کے فیشن کو یوتھ زیادہ اپنائے گی۔ بلیو، گرین، ڈراک گرین، سفید اور براون کلر اس سیزن میں ان ہوگا۔ سردیوں میں خواتین پرنسز کیٹ جیسے لانگ بوٹس اور بروان ڈریس ضرور خریدیں گی۔ اس کے ساتھ چترالی ٹوپی اور کوٹ کی مانگ بھی بڑھ جائے گی۔
شہزادی کیٹ مہنگے اور کم قیمت تمام برینڈز پہنتی ہیں۔ میک اپ انکا ہلکا ہوتا ہے اور وہ نقلی پلکیں اور مصنوعی بال نہیں لگاتیں۔ عام طور پر وہ اپنی منگنی کی انگوٹھی کے ساتھ کارٹیر کی واچ پہنتی ہیں لیکن اس دورے میں انہوں نے پسندیدہ واچ نہیں پہنی۔
امیر ملک کی شہزادی ہونے کے باوجود وہ سادا لباس پہنتی ہیں اور لباس، جوتے، جیولری اور بیگز کو دہراتی بھی ہیں۔ شہزادی کیٹ نے شلوار قمیض کو عالمی دنیا میں خوبصورتی سے متعارف کروایا۔
 تاہم میری خواہش ہے جب وہ اگلی بار پاکستان تشریف لائیں تو تمام دن صرف پاکستانی برینڈ پہنیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: