Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن میں کچرا پھیلانے پر ہزار ریال تک جرمانہ 

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ان دنوں جاری 70روزہ ریاض سیزن کی انتظامیہ نے فیسٹول کے دوران تمام مقامات پر صفائی کا خاص خیال رکھنے کا کہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جنرل انٹرٹینمٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے ٹوئٹر پیغام میں ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں ریاض سیزن کے تمام علاقے میں صفائی کا خاص خیال رکھنے کی جانب توجہ دلائی گئی ہے۔ انہوں نے اس پیغام میں یہ بھی کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ اس پورے سیزن میں تمام مقامات پر صفائی کا خیال رکھا جائے۔

علاقے میں صفائی کا خاص خیال رکھنے کی جانب توجہ دلائی گئی ہے۔ فوٹو۔ عرب نیوز

جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بتایاگیا ہے کہ خالی بوتلیں یا استعمال شدہ ڈبے ، ریپرز یا خالی لفافے یا کسی قسم کا کچرا کوڑے دان کے علاوہ ادھر ادھر پھینکنے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا جس کی حد 500ریال سے 1000ریال تک ہو سکتی ہے۔ پہلی مرتبہ خلاف ورزی کرنے والے پر کم از کم اور دوسری مرتبہ خلاف ورزی کرنے والے پرآخری حد تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔

جنرل انٹرٹینمٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ریاض کی بلدیہ کے ساتھ مل کر صفائی کی جانب خصوصی توجہ دی گئی ہے اور جگہ جگہ کوڑے دان نصب کر دیئے گئے ہیں۔ فیسٹول کے تمام مقامات پرکھانے پینے کے سٹالز قائم ہیں اور ان کے قریب بھی کوڑے دان رکھے گئے ہیں تا کہ وہاں آنے والے افراد ان کا مناسب استعمال کر سکیں ۔
ٹوئٹر پر ایک بیان شیئر کرتے ہوئے ریاض سیزن کی انتظامیہ نے کہا کہ فیسٹول کی خوبصورتی اور صفائی کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اعلان جاری کیا گیا ہے ۔ریاض کے مختلف مقامات پر فیسٹول جاری ہے اور ہر جگہ پر آنے والوں کے لیے کئی تقریبات کا اہتمام ہے جو کہ سعودیوں اور غیر ملکیوں کی دلچسپی کا باعث ہیں ۔انتظامیہ کی جانب سے صفائی پر خاص زور دیتے ہوئے اس سلسلے میں تعاون کرنے کا کہا گیا ہے ۔
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریاض شہر کے مختلف مقامات پر تقریبات اور شہریوں کی دلچسپی کے لیے پروگرام مرتب کیے گئے ہیں وہاں پر صرف 24گھنٹے کے دوران 12لاکھ افراد کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے۔ 

  • اپ ڈیٹ رہیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: