Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عوام کا پیسہ ہڑپنے والوں سے رعایت نہیں‘

 تیونس کے نئے صدر قیس سعید نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔فوٹو اے ایف پی
 تیونس کے نئے صدر قیس سعید نے بدھ کو انپے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
 اسکائی نیوز کے مطابق قیس سعید نے صدارتی انتخاب میں حیران کن کامیابی حاصل کی تھی۔ قیس سعید قانون کے سابق پروفیسر اور تیونس کی سیاسی میدان میں نوارد ہیں۔
صدارتی انتخاب کے دوسرے اور حتمی مرحلے میں ریٹائرڈ پروفیسر نے اپنے حریف نبیل القروی کو واضح برتری سے شکست دی۔ انہوں نے 72.71 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔

صدارتی انتخاب کے حتمی مرحلے میں قیس سعید نے 72.71 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ فوٹو اے ایف پی 

تیونس کے رائے دہندگان نے انقلاب 2011 کے بعد سے سیاسی منظر نامے پر چھائے ہوئے سیاستدانوں کو مسترد کرکے قیس سعید کا انتخاب کیا۔ پرانے سیاستدان ملک کے اہم اقتصادی مسائل بے روزگاری اور افراط زر میں اضافے کو روکنے میں ناکام ہوگئے تھے۔
قیس سعید نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ ’قانون سے ماورا کوئی کام نہیں ہوگا۔‘
’تیونس میں جو کچھ ہوا وہ بیک وقت سیاسی اور ثقافتی انقلاب ہے۔ اہل تیونس نے آزادی اور جمہوریت کا انتخاب کیا ہے اور وہ کسی قیمت پر پسپائی اختیار نہیں کریں گے‘۔  انہوں نے مزید کہا کہ ’تیونس کے باشندوں نے آزادی کی بھاری قیمت چکائی ہے۔ کوئی بھی طاقت ان سے کسی بھی عنوان سے آزادی سلب نہیں کرسکتی۔‘

 تیونس کے نو منتخب صدر قیس سعید  سیاسی میدان میں نئے ہیں۔ فوٹو ای پی اے

قیس سعید کا کہنا ہے کہ’وہ تیونسی عوام کی جیبوں سے ناحق نکالے جانے والے ایک بھی پیسے پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے۔ تیونسی عوام کی محنت کی کمائی کا ایک بھی پیسہ ہڑپنے والے کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی‘۔
قیس سعید نے دہشتگردی سے نمٹنے اوراس کے اسباب کی بیخ کنی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’کسی بھی دہشتگرد کی ایک گولی کا جواب بے شمار گولیوں سے دیا جائے گا۔‘ 
تیونسی صدر کا کہنا تھا کہ’بین الاقوامی معاہدوں کی پابندی کریں گے۔ مسئلہ فلسطین ہمیشہ ہمارے وجدان کا حصہ بنا رہے گا۔ ہمارا یہ موقف یہودیوں کے خلاف نہیں بلکہ غاصبانہ قبضے کے خلاف ہے‘۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: