’روایات تازہ ہوتی ہیں‘: جزائر فرسان میں رمضان کی محفلوں کا انعقاد
سعودی عرب کے جزائرِ فرسان میں ماہِ رمضان کے دوران قدیم اور روایتی محلے سماجی اجتماعات کے مراکز میں تبدیل ہو جاتے ہیں، جہاں لوگ جمع ہو کر مختلف امور پر تبادلۂ خیال کرتے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جزائرِ فرسان کے پرانے محلوں میں کھلے مقامات پر خصوصی مجالس کا اہتمام کیا جاتا ہے جو علاقے کی قدیم روایت بھی ہے۔
تراویح کی نماز کے فوری بعد محلے کی گلیوں اور بازاروں کی رونقوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
اہل محلہ اپنے ساتھ اشیائے خورونوش لاتے ہیں اور مقامی افراد کو اس میں شریک کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ محلے اور گلیاں برقی قمقموں سے سجا دی جاتی ہیں۔ بچوں اور نوجوانوں کے لیے سپورٹس کے مقابلے بھی منعقد ہوتے ہیں۔

رمضان کی رونقوں کو دوبالا کرنے کے لیے بزرگوں کی مجالس میں پرانے زمانے کے سمندری سفر اور غوطہ خوری کے تجربات کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔
علاقے کے خاندان روایتی پکوان اور قہوے سے وہاں آنے والوں کی خاطر تواضع کرتے ہیں، جس سے جزیرۂ فرسان کی تہذیب و ثقافت نمایاں ہوتی ہے۔

علاقے کے ایک رہائشی طاہر عباس کا کہنا تھا کہ ’رمضان میں محافل کی روایت پرانے زمانے سے جاری ہے، جس پر آج بھی فرسان کے باشندے عمل پیرا ہیں۔‘
’اس کا مقصد ماضی کے رشتے کو برقرار رکھتے ہوئے علاقائی ثقافت کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہے۔‘
