Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اپنی زندگی کی بھی گارنٹی نہیں دے سکتا‘

عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت کے پہلے ایک سال میں مہنگائی کی شرح دوسری حکومتوں کے پہلے سال کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ’چاہے کوئی آزادی مارچ کرے یا کوئی اور احتجاج جب تک میں زندہ ہوں کسی کو این آر او نہیں ملے گا، عدالت نے نواز شریف کی زندگی کی گارنٹی دینے کا پوچھا تھا، میں اپنی زندگی کی گارنٹی نہیں دے سکتا کسی دوسرے کی کیا دوں گا، ان کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی گئیں۔‘
پیر کو ضلع ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ 550 ویں سالگرہ پر بابا گرونانک کو خراج تحسین پیش کرنے کا اس سے بہترین قدم کوئی اور نہیں تھا۔ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا ’ہمارے ہاں ابھی تک انگلش، اردو میڈیم اور مدرسے کی شکل میں تین قسم کے نظام چل رہے ہیں سب کو ایک نصاب کے ذریعے ہم آہنگ بنایا جائے گا، جہاں محکمہ اوقاف کی زمینیں ہیں وہاں تعلیمی ادارے اور ہسپتال بنائے جائیں گے جبکہ یوینورسٹیز میں صوفیا کی زندگی پر ریسرچ بھی کی جائے گی۔‘
عمران خان نے کہا ’ہم پر تنقید ہوتی ہے کہ انڈیا کشمیر میں ظلم کر رہا ہے اور حکومت کرتار پور راہداری کھول رہی ہے۔ یہ سکھ برادری کا حق ہے، ننکانہ سکھ برادری کا مدینہ اور کرتار پور مکہ ہے، کسی ملک کے ساتھ تعلقات کیسے بھی ہوں، اس کی بنیاد پر زائرین کو نہیں روکا  جا سکتا۔‘

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بتایا کہ یونیورسٹی پر چھ ارب روپے لاگت آئے گی۔

انہوں نے کہا ’سعودی عرب کے کسی ملک سے تعلقات خراب بھی ہوں تو وہاں کے شہریوں کو حج سے نہیں روکا جاتا۔‘
جے یو آئی کے آزادی مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا ’یہ لوگ کہتے ہیں کہ حکومت ناکام ہو رہی ہے، حالانکہ اصل میں ان کو ڈر یہ ہے کہ حکومت کامیاب ہو رہی ہے، اسی لیے کبھی یہودی لابی کا شور مچاتے ہیں اور کبھی مہنگائی کی بات کرتے ہیں۔‘
عمران خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے ایک سال میں مہنگائی کی شرح دوسری حکومتوں کے پہلے سال کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ملک مشکل حالات سے نکل آیا ہے اب ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہا ہے، باہر سے سرمایہ کار آ رہے ہیں۔

لاہور کے سروسز ہسپتال جہاں نواز شریف زیرعلاج ہیں کی سکیورٹی پر مامور پنجاب پولیس کے جوان۔ فوٹو: اے ایف پی

بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد

قبل ازیں، تقریب سے یونیورسٹی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بتایا کہ اس پر چھ ارب روپے لاگت آئے گی، اس کو تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا، دنیا بھر سے لوگ خصوصاً سکھ برادری کو بہترین تعلیم کے حصول میں آسانی ہو گی۔
یونیورسٹی ایک سو سات ایکڑ پر محیط ہو گی، پنجاب حکومت کی جانب سے یونیورسٹی کے لیے ابتدائی فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔
خیال رہے ننکانہ صوبہ پنجاب کا ایک شہر ہے جو صوبائی دارالحکومت لاہور سے تقریباً 75 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں۔ سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک اسی علاقے میں پیدا ہوئے تھے، دنیا بھر سے سکھ یاتری ہر سال یہاں آتے ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: