Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کا کویت، سیالکوٹ روٹ ایک سال بعد بحال

پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی ائے نے ایک سال سے زائد عرصہ معطل رہنے والے کویت سیالکوٹ کا ہفتہ وار روٹ بحال کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں کویت ایئر پورٹ پر تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستانی سفارتخانے کے ہیڈ آف مشن اشعر شہزاد سمیت پاکستانی کمیونٹی کی دیگر معروف شخصیات نے شرکت کی۔
کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پی آئی اے بورڈنگ لاؤنج کو کویت اور پاکستان کے جھنڈوں اور غباروں سے سجایا گیا تھا۔ اس موقعے پر یادگاری کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں پی آئی اے کی طرف سے مسافروں میں تخائف بھی تقسیم کیے گئے۔
خیال رہے کہ کویت میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے اور جب گذشتہ برس مارچ میں پی آئی اے نے کویت کے لیے پروازیں بند کرنے کا اعلان کیا تھا تو اس وقت پاکستانی شہریوں نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ اس فیصلے کو واپس لیا جائے۔

پی آئی نے تقریباً 19 ماہ پہلے کویت کے لیے پروازیں بند کر دی تھیں: فوٹو اردو نیوز

کویت روٹ کی بندش سے قبل قومی ایئرلائن لاہور، سیالکوٹ اور اسلام آباد کے لیے ہفتہ وار پروازیں چلاتی تھیں۔
کویت کے لیے پی آئی اے کی پرواز کم و بیش ڈیڑھ سال سے بند تھی اس دوران پاکستانی مسافر خلیجی ممالک کی دیگر ایئرلائنز سے سفر کرتے تھے۔
قومی ایئرلائن کا سب سے زیادہ فائدہ میتوں کی منتقلی کا تھا جو پاکستانیوں کی میتیں مفت پاکستان پہنچاتی تھی جبکہ دیگر ایئرلائن اس پر رقم چارج کرتی ہیں۔ 

پروازوں کی بحالی پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ فوٹو اردو نیوز

کویت میں پاکستانیوں کی تعداد کم و بیش ایک لاکھ کے لگ بھگ ہے لیکن پاکستانیوں کے لیے ویزہ پابندی کی وجہ سے یہ تعداد کم ہو رہی ہے۔
کویت میں رہنے والے پاکستانی پُرامید ہیں کہ سیالکوٹ کے ساتھ لاہور، پشاور، اسلام آباد و دیگر شہروں سے بھی براہ راست پروازوں کا اجرا جلد ممکن ہو سکے گا۔
کویت کی خبروں کے لیے ”اردو نیوزکویت“ گروپ جوائن کریں

شیئر: