’او مائی گاڈ! یہ میں کیسے کر سکوں گی؟‘

پرینکا چوپڑا بالی وڈ کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ میں بھی اپنے قدم جما چکی ہیں۔ فوٹو: روئٹرز
نٹ کھٹ انداز، دلکش اداؤں اور جاندار اداکاری سے مداحوں کا دل موہ لینے والی بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا کہتی ہیں کہ اب وہ کام کے دوران دباؤ کا شکار نہیں ہوتیں۔
انڈیا کی نیوز ایجنسی آئی اے این ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے بالی وڈ کی ’پکی چوپس‘ نے بتایا کہ اب وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے اس مقام پر پہنچ چکی ہیں جہاں وہ اپنی مرضی کا کام کر سکتی ہیں۔
پرینکا کے مطابق ’کئی سال پہلے تک میں کام کا دباؤ لیتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے یہاں خواتین اداکاروں کو کسی بھی فلم میں کاسٹ ہونے سے پہلے اپرول کے لیے بہت سے لوگوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے اور یہ سچ ہے۔ لیکن میرے لیے اب ایسا نہیں رہا ہے۔ میرا خیال ہے کہ اس سے مجھے یہ اعتماد ملا کہ میں بطور پروڈیوسر کام کروں اور وہ فلمیں بناؤں جو میں بنانا چاہتی ہوں۔‘

’مجھے ایسے کردار کرنا پسند ہیں جن میں ڈوب کر اداکاری کی جاسکے۔‘ (فوٹو: سوشل میڈیا)

پرینکا سے جب پوچھا گیا کہ وہ کس طرح کی فلموں میں کام کرنا چاہتی ہیں تو انہوں نے بتایا کہ وہ زیادہ تر چینلنجنگ اور حقیقت پر مبنی فلموں میں کام کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ ’ایسی فلمیں جو مجھے چیلنج کریں، مجھے ایسے کردار کرنا پسند ہیں جن میں ڈوب کر اداکاری کی جا سکے۔ کچھ ایسا جو مجھے سیٹ پر آتے ہوئے گھبرانے پر مجبور کرے۔ مجھے ایسی فلمیں کرنا پسند ہیں جن میں اپنے سین کو دیکھوں اور کہوں کہ او مائی گاڈ! یہ میں کیسے کر سکوں گی؟‘

’پیشہ ورانہ زندگی کے اس مقام پر پہنچ چکی ہوں جہاں اپنی مرضی کا کام کر سکتی ہوں۔‘ (فوٹو:سوشل میڈیا)

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اب بھی گھبرا جاتی ہیں لیکن وہ اپنی نجی زندگی کی وجہ سے اپنے کام کو متاثر نہیں ہونے دیتیں۔ پرینکا نے بتایا کہ ہر اداکار کو ہی اس صورتحال کا سامنا ہوتا ہے کیونکہ باہر کا ماحول ہم پر اثرانداز ہوتا ہے۔
’میرے تجربے نے مجھے یہ سکھایا کہ ایکشن اور کٹ کے دوران، میری زندگی میں چاہے کچھ بھی چل رہا ہو وہ مجھے متاثر نہیں کرنا چاہیے۔ اس سے پہلے اگر میرا کسی سے جھگڑا ہوتا یا میں برے موڈ میں ہوتی تھی تو یہ میرے کام کو متاثر کرتا تھا مگر اب ایسا نہیں ہے۔‘
واضح رہے کہ پرینکا چوپڑا بالی وڈ کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ میں بھی اپنے قدم جما چکی ہیں۔ انہوں نے اپنی فلم ’دی سکائی از پنک‘ سے بالی وڈ میں کم بیک کیا ہے۔ اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ خود اس کی پروڈیوسر بھی ہیں۔ ’دی سکائی از پنک‘ کی دیگر کاسٹ میں فرحان اختر اور زائرہ وسیم شامل ہیں۔
شوبز کی خبروں کے لیے ’’اردو نیوز شوبز‘‘ جوائن کریں

شیئر: