وہ جب چھلانگ لگا کر سٹیج پر آتیں تو تھیٹر کا پنڈال تالیوں اور نعروں سے گونج اٹھتا۔ ان کی بلند اور گرج دار آواز دور بیٹھے تماشائیوں تک پہنچتی تو لوگ جھوم اٹھتے۔ یہی وجہ تھی کہ پنجاب کے لوک تھیٹر کے شائقین نے انہیں ’ببر شیرنی‘ کا خطاب دیا تھا۔
یہ تھیں بالی جٹی جن کا اصل نام عنایت بی بی تھا اور جنہوں نے ایک ایسے دور میں اپنی آواز اور فن کا لوہا منوایا جب خواتین کے لیے سٹیج پر آنا بھی آسان نہیں تھا۔
اب پنجاب کے لوک تھیٹر کی اس معروف فنکارہ کی زندگی، جدوجہد، محبتوں اور کامیابیوں کو بڑے پردے پر پیش کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اجوکا پروڈکشنز نے پنجابی فیچر فلم ’بالی جٹی‘ بنانے کا اعلان کیا ہے جس میں ایک طرف اگ غیر معمولی خاتون فنکارہ کی زندگی کے واقعات دکھائے جائیں گے تو دوسری طرف 1970 کی دہائی کے پنجاب، لوک موسیقی اور عوامی تھیٹر کے اس سنہرے دور کو بھی دوبارہ تخلیق کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اجوکا تھیٹر کے بانی، معروف ڈرامہ نگار اور ہدایت کار شاہد ندیم اس فلم کی کہانی، سکرپٹ، تحقیق اور ہدایت کاری کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
خواہش ہے پنجابی فلموں کاسنہری دور واپس آجائے ، ثناNode ID: 356796
-
میری پرانی فلموں کی نمائش اعزاز ہے ،صائمہ نورNode ID: 390351
ان کے مطابق بالی جٹی ان شخصیات میں شامل تھیں جنہوں نے اپنے فن کے ذریعے لوک تھیٹر کی تاریخ میں ایک نمایاں مقام بنایا۔
شاہد ندیم نے اردو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ اجوکا تھیٹر 42 برس سے معنی خیز تھیٹر کا پرچم بلند کیے ہوئے ہے اور اب پنجاب فلم فنڈ کے تعاون سے سنیما کی دنیا میں قدم رکھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’بالی جٹی‘ اس سلسلے کا پہلا منصوبہ ہے۔
’بالی جٹی ہمارے لیے سورس آف انسپریشن تھیں۔ پچاس، ساٹھ اور ستر کی دہائیاں لوک تھیٹر کا بڑا زرین دور تھا۔ اس وقت میلوں، منڈیوں اور عرسوں پر تھیٹر کیا جاتا تھا اور یہ ایک ٹریولنگ تھیٹر ہوتا تھا۔‘
شاہد ندیم کے مطابق ’بالی جٹی اس زمانے کے ان لیجنڈری فنکاروں میں شامل تھیں جن میں عنایت حسین بھٹی، عالم لوہار اور عاشق جٹ جیسے نام بھی موجود تھے۔ تاہم بالی جٹی کی ایک منفرد پہچان یہ تھی کہ وہ نہ صرف ایک مقبول اداکارہ اور گلوکارہ تھیں بلکہ اپنی تھیٹر کمپنی بھی چلاتی تھیں۔‘

ساہیوال سے لوک تھیٹر کی دنیا تک
بالی جٹی 1937 میں ساہیوال میں پیدا ہوئیں۔ ان کا اصل نام عنایت بی بی تھا اور انہوں نے 1958 میں پنجاب کے لوک تھیٹروں سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔ ان تھیٹروں میں میلوں، ٹھیلوں اور دیہی اجتماعات کے دوران ڈرامے پیش کیے جاتے تھے جہاں فنکاروں کو اپنی اداکاری اور گلوکاری کے ذریعے عوام کو محظوظ کرنا ہوتا تھا۔ بالی جٹی نے ہیر رانجھا، سسی پنوں، سوہنی مہینوال، مرزا صاحباں، لیلیٰ مجنوں، شیریں فرہاد، پیر مرادیا، ویر جودھ، سلطانہ ڈاکو، قتل تمیزن اور نور اسلام سمیت متعدد ڈراموں میں کام کیا۔ وہ اداکاری کے ساتھ گلوکاری بھی کرتی تھیں اور ان کے کئی گیت وقت کے ساتھ لوک گیتوں کی حیثیت اختیار کر گئے۔
بالی جٹی سے واقف فنکاروں کے مطابق ان کی آواز ان کی سب سے بڑی پہچان تھی۔ وہ نہ صرف بلند سروں میں گانے کی صلاحیت رکھتی تھیں بلکہ بڑے پنڈال میں بھی ان کی آواز واضح طور پر سنائی دیتی تھی۔ انہوں نے عالم لوہار اور عنایت بھٹی جیسے معروف فنکاروں کے مقابل پرفارم کیا۔ تھیٹر کے فنکار امین کے ساتھ ان کا گایا ہوا ڈوئیٹ ’آ لے کنجیاں رکھ لے سرہانے، چلی ہاں میں پیکیاں نوں‘ بھی خاصا مقبول ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس زمانے میں جب خواتین کے کردار بھی بعض اوقات مرد اداکار ادا کیا کرتے تھے، بالی جٹی حسب ضرورت مردانہ کردار بھی ادا کرتی تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے اپنا ذاتی ’شمع تھیٹر‘ قائم کیا جو تقریباً 12 برس تک چلتا رہا تاہم مختلف مسائل کے باعث بالآخر اسے بند کرنا پڑا۔

رکاوٹوں کے باوجود اپنی آواز منوائی
اجوکا کی فلم میں بالی جٹی کی زندگی میں پیش آئے مشکلات کو بھی کہانی کا حصہ بنایا جائے گا جن کا سامنا انہیں اپنے خاندان، معاشرے اور تھیٹر کی دنیا میں کرنا پڑا۔
فلم کی کہانی کے مطابق کم عمری ہی سے بالی کی آواز غیر معمولی ہوتی ہے اور سننے والے اس سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے لیکن اس کا خاندان اور گاؤں کے لوگ اس صلاحیت کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے۔ وہ اپنے منگیتر اور رشتہ دار کے ساتھ شہر آ جاتی ہے اور کرم شاہ تھیٹر سے وابستہ ہو جاتی ہیں۔ ابتدا میں انہیں سٹیج پر نمایاں کردار نہیں ملتے۔ بچپن سے موسیقی کو گناہ قرار دینے والی سوچ اس کے اندر گانے کا خوف پیدا کر چکی ہوتی ہے۔ وہ جب بلند آواز میں گانے کی کوشش کرتی ہے تو اس کے منہ سے خون آنے لگتا ہے۔ تاہم تھیٹر کے ایک منشی، خواجہ سرا اور درگاہ کے باہر بیٹھے ایک فقیر کی حوصلہ افزائی سے اس میں اپنی صلاحیت پر اعتماد پیدا ہوتا ہے اور وہ بالآخر ایک مقبول فنکارہ بن جاتی ہے۔
یہاں فلم کی کہانی میں اس کی نجی زندگی کے مسائل بھی سامنے آتے ہیں۔ اس کا منیجر اور شوہر اس پر ظلم کرتا ہے اور اس کی کمائی جوئے میں اڑا دیتا ہے۔ بعد ازاں وہ سرکس کی رنگ ماسٹر لڑکی سیما کے عشق میں گرفتار ہو جاتا ہے۔ جب نذیر سیما کو بھگا کر لے جاتا ہے تو اس کا الزام بالی پر عائد کیا جاتا ہے اور اسے کرم شاہ تھیٹر سے نکال دیا جاتا ہے۔

شاہد ندیم کے مطابق بالی جٹی کی زندگی کے یہی اتار چڑھاؤ انہیں اس فلم کے لیے ایک دلچسپ اور بامعنی کردار بناتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی شخصیت کے ذریعے ماضی کی خواتین فنکاروں کو درپیش سماجی رویوں اور رکاوٹوں کو بھی سامنے لایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 'یہ بڑی مضبوط شخصیت تھی۔ آواز زبردست تھی جو فرش سے عرش تک جاتی تھی۔ نجی زندگی میں بہت اتار چڑھاؤ اور ڈرامائی موڑ تھے۔ ہمیں لگا کہ ان کی شخصیت کے ذریعے ہمارے معاشرے میں خواتین فنکاروں کی جدوجہد کو سامنے لائیں گے اور فوک کلچر کو بھی نئی نسل کے سامنے لے کر آئیں گے۔'
محبت، دھوکا اور اپنی تھیٹر کمپنی بنانے کا فیصلہ
کرم شاہ تھیٹر سے نکالے جانے کے بعد بالی مشہور جہانگیر تھیٹر میں شامل ہو جاتی ہے جہاں اس کی ملاقات تھیٹر کے مالک اور اداکار میاں منیر سے ہوتی ہے۔ دونوں کے درمیان تعلق قائم ہوتا ہے اور بات شادی تک پہنچنے لگتی ہے لیکن میاں منیر کی پہلی بیوی اس رشتے کی راہ میں رکاوٹ بن جاتی ہے۔ بالآخر میاں منیر بالی کو اپنے تھیٹر میں کام کرنے سے روک دیتا ہے۔ اس دھوکے سے دل برداشتہ ہو کر بالی خودکشی کی کوشش کرتی ہے تاہم اس کا ایک مداح اور کبڈی چیمپئن بھولا اسے بچا لیتا ہے۔ فلم میں اس مرحلے پر ایک درویش کردار بھی سامنے آتا ہے جو بالی کو موسیقی اور فن کے بارے میں ایک نئی سوچ دیتا ہے۔ وہ اسے سمجھاتا ہے کہ موسیقی محض تفریح نہیں بلکہ فن کی روح اور انسانیت کی اساس ہے۔ اس کے بعد بالی اپنی زندگی کو نئے سرے سے شروع کرنے کا فیصلہ کرتی ہے۔ منشی اور حسین کی مدد سے وہ اپنی تھیٹر کمپنی قائم کرتی ہے اور عوامی تھیٹر کی دنیا میں اپنی الگ شناخت بنانے میں کامیاب ہو جاتی ہے۔
لیکن اس کی کامیابی پرانے مخالفین کو ایک بار پھر متحرک کر دیتی ہے۔ جہانگیر تھیٹر اور اس کا سابق منیجر اس کی کمپنی کے خلاف سازشیں شروع کر دیتے ہیں۔ دوسری طرف بھولا، حسین اور منشی اس کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں جبکہ سرکس کی شہزادی سیما، جو ابتدا میں اس کی حریف دکھائی دیتی ہے، بالآخر اس کی مدد کرتی ہے۔
کہانی کے مطابق بالی کا تھیٹر ملک بھر میں مقبولیت حاصل کرنے لگتا ہے اور وہ لوک تھیٹر کی دنیا میں اپنی جگہ منوانے میں کامیاب ہو جاتی ہے لیکن عروج کے اسی مرحلے پر اس کی تھیٹر کمپنی کو پراسرار طور پر آگ لگا دی جاتی ہے اور بالی لاپتہ ہو جاتی ہے۔ کئی برس بعد اس کا سراغ ایک ہسپتال کے نفسیاتی وارڈ سے ملتا ہے۔ کہانی کے اختتام پر ورثہ ادارے کی ریسرچر اور لوک ثقافت سے دلچسپی رکھنے والی سائرہ بالی جٹی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور اس کا مجسمہ ورثہ ادارے میں نصب کیا جاتا ہے۔

پنجاب کا لوک کلچر بھی فلم کا اہم حصہ ہوگا
فلم میں بالی جٹی کی زندگی کے ساتھ ساتھ اس زمانے کے پنجاب کی ثقافت، دیہی زندگی، روایتی لباس، موسیقی، لوک داستانوں اور تھیٹر کی روایات کو بھی نمایاں کیا جائے گا۔ اجوکا تھیٹر کے ساتھ چار دہائیوں سے زیادہ عرصے سے وابستہ سہیل اکبر وڑائچ اس فلم میں کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق اجوکا تھیٹر نے اپنے ڈراموں میں ہمیشہ مقامی ثقافت، روایات، تاریخ اور مختلف سماجی طبقات کی زندگی کو موضوع بنایا ہے۔ انہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ اجوکا کے ڈراموں میں دیہی زندگی اور طبقاتی کشمکش کو مختلف انداز میں پیش کیا جاتا رہا ہے لیکن اب وہ ان ثقافتی پہلوؤں کو فلمی پردے پر بھی دکھانا چاہتے ہیں جو وقت کے ساتھ لوگوں کی روزمرہ زندگی سے غائب ہوتے جا رہے ہیں۔
سہیل اکبر وڑائچ کا کہنا تھا 'چاٹی، مدانی، چرخہ، یہ سب اب ہم چاہتے ہیں کہ سکرین پر دکھائے جائیں۔ سٹیج کے ذریعے پہلے یہ سب کرتے تھے۔ بالی جٹی بنیادی طور پر تھیٹر کی ایکٹر اور سنگر تھیں۔ اس وقت جو کچھ اور جس طرح تھا وہی دکھانا چاہتے ہیں تاکہ حقیقی رنگ سامنے آئے۔' ان کے مطابق فلم میں لوک کہانیوں کو بھی اسی دور کے انداز میں پیش کیا جائے گا تاکہ ناظرین کو پنجاب کے اس زمانے کی ثقافت اور روایات کا حقیقی احساس ہو سکے۔
شاہد ندیم بھی اس بات پر زور دیتے ہیں کہ فلم کی تیاری کے لئے اس زمانے کے ماحول کو سمجھنا اور دوبارہ تخلیق کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق ٹیم اس وقت تحقیق کر رہی ہے کہ اس دور میں تھیٹر کے فنکار کس طرح کے لباس پہنتے تھے، گاڑیاں کیسی تھیں اور مختلف ثقافتی سرگرمیوں کا ماحول کیا تھا۔ شاہد ندیم کے مطابق اجوکا تھیٹر کی کوشش ہے کہ سنیما میں ایسی فلمیں لائی جائیں جن میں تفریح کے ساتھ کوئی سماجی اور ثقافتی مقصد بھی موجود ہو۔ ان کے بقول ماضی کی اہم شخصیات اور معنی خیز ادوار پر فلمیں بننے سے نئی نسل کو اپنی تاریخ اور ثقافت سے متعارف کرانے میں مدد ملتی ہے۔













