Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانس میں 31 پاکستانی زیرِ حراست

فرانسیسی حکام کے مطابق پاکستانیوں کو اطالوی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، فوٹو: روئٹرز
فرانس میں غیر قانونی طور پر چھپے ہوئے 31 پاکستانیوں کو حرست میں لے لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے یہ افراد جنوبی فرانس میں ایک ٹرک میں چھپے ہوئے تھے۔
حکام کے مطابق ’ٹرک کا ڈرائیور بھی پاکستانی ہے اور اسے بھی حراست میں لیا گیا ہے۔‘  
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پاکستانی تارکین وطن کی گرفتاری گذشتہ ماہ برطانیہ میں ایک کنٹینر سے 39 غیر قانونی تارکین کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مرنے والے ان افراد سے متعلق بتایا گیا تھا کہ وہ تمام ویت نام کے شہری تھے۔

گذشتہ ماہ برطانیہ میں کنٹینر سے 39 غیر قانونی تارکین کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، فوٹو: اے ایف پی

واضح رہے کہ جمعے کو فرانس میں اٹلی کی سرحد کے قریب فرینچ پولیس نے معمول کے گشت کے دوران موٹروے پر ایک ٹرک کو چیک کیا جس میں 31 غیر قانونی پاکستانی تارکین چھپے ہوئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ’حراست میں لیے گئے 31 پاکستانیوں میں تین کم عمر نوجوان بھی شامل تھے۔‘ فرینچ پولیس نے حراست میں لیے گئے ان افراد کو قانونی کارروائی کے لیے اطالوی حکام کے حوالے کر دیا۔
فرانس کے جنوب مشرقی شہر نیس میں واقع استغاثہ کے دفتر کا کہنا ہے کہ ’وہ کوشش کریں گے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث اس نیٹ ورک کا سراغ لگایا جائے۔‘    

شیئر: