Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف اور مریم نواز ہسپتال سے جاتی امرا منتقل

نواز شریف کا گھر پر ہی علاج کیا جائے گا، ڈاکٹروں نے ان سے ملاقات پر پابندی عائد کی ہے، فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ضمانتی مچلکے جمع کیے جانے کے بعد ان کو سروسز ہسپتال لاہور سے رہا کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سروسز ہسپتال سے قافلے کی شکل میں ان کی رہائش گاہ جاتی امرا لے جایا گیا۔
اس سے قبل کہا جا رہا تھا کہ سابق وزیراعظم کو علاج کے لیے شریف میڈیکل سٹی منتقل کیا جائے گا تاہم مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ نواز شریف کو ان کے گھر پر ہی آئی سی یو میں رکھا جائے گا اور ڈاکٹروں نے ان سے ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد کی ہے۔
 نواز شریف کی روانگی کے وقت شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز اور نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے علاوہ سروسز ہسپتال کا عملہ بھی موجود تھا، اس موقع پر نواز شریف کے میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے سابق وزیراعظم کی میڈیکل رپورٹس شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز کے حوالے کیں۔

نواز شریف کے علاج کے لیے جاتی امرا میں آئی سی یو قائم کر دیا گیا، فوٹو: مسلم لیگ ن

سروسز ہسپتال میں نواز شریف کے علاج کے لیے قائم کیے گئے میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ اب تحلیل ہو گیا ہے اور اب سابق وزیراعظم کا علاج ان کے گھر پر ہی کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اب شریف سٹی کے ڈاکٹرز نوازشریف کا علاج کریں گے، شریف سٹی میڈیکل ہسپتال کے ڈاکٹرز کو اس حوالے سے بریفنگ دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ضمانت ملنے کے بعد آج ہی نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو رہا کیا گیا اور وہ سروسز ہسپتال سے اپنے والد کے ہمراہ ہی جاتی امرا پہنچیں۔
نواز شریف کی جاتی امرا آمد کی اطلاع کا سنتے ہی مسلم لیگ ن کے کارکن بھی وہاں پہنچ گئے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: