Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شکایات حل نہ کرنے پر وزیراعظم کا نوٹس

شہریوں کی شکایات کو سنجیدہ نہ لینے والے افسران پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل سروس پر شہریوں کی شکایات حل کیے بغیر بند کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تیس روز تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کیے گئے خط میں تمام وزراتوں، محکموں اوراداروں کو جائزہ رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اردو نیوز کو دستیاب خط کے مطابق وزیراعظم آفس نے سیٹزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کو سنجیدہ نہ لینے والے افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکایات کے حل کا فیصلہ غیر متعلقہ افراد کرتے ہیں اور شہریوں کی شکایات گائیڈ لائن کے مطابق حل کیے بغیر بند کی جا رہی ہیں۔

 

 خط میں کہا گیا ہے کہ ’ شکایات کا حل افسران بالا کے بجائے ماتحت اہلکاروں کے سپرد کیا جا رہا ہے، افسران کے پاس شکایات کے حل کا کوئی دستاویزی یا کسی قسم کا ثبوت بھی نہیں ہوتا۔ اور شہریوں کی شکایات حل نہ کرنے کی کوئی ٹھوس وجوہات بھی نہیں بتائی جاتیں۔‘
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ شکایات کے حل کیے جانے کا بیان بھی اکثر گمراہ کن ہوتا ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری خط کے مطابق ’ شکایات کا حل افسران بالا کے بجائے ماتحت اہلکاروں کے سپرد کیا جا رہا ہے۔‘ 

وزیراعظم آفس نے وزارتوں اور محکموں میں پانچ رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی سربراہی جوائنٹ سیکرٹری یا 20 گریڈ کا افسر کرے گا۔ کمیٹی کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اب تک کی تمام حل اور غیر حل شدہ شکایات میں خامیوں کی نشاندہی کرے اور بد ترین کارکردگی دکھانے والے افسران کا تعین بھی کرے۔ کمیٹی متعین افسران کے ڈیش بورڈ کی جانچ پڑتال کر کے 30 روز کے اندر وزیراعظم آفس کو رپورٹ جمع کروائے گی۔
وزیراعظم ڈیلوری یونٹ کی جانب سے تمام وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی رپورٹ بھی جاری کی گئی ہے جس میں خامیوں اور ناقص کارکردگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ نے اردو نیوز کو بتایا کہ شہریوں کی جانب سے سٹیزن پورٹل سروس پر کی گئی شکایات کا آڈٹ کیا گیا جس میں تمام وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی شکایات کو غیر سنجیدہ لینے والے افسران کے خلاف اب کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کمیٹیوں کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائے جائے گی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ شکایات کے حل کیے جانے کا بیان بھی اکثر گمراہ کن ہوتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

اردو نیوز کو وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ عوامی شکایات حل نہ کرنے پر اسلام آباد کے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کے خلاف کارروائی عمل میں بھی لائی جاچکی ہے۔
یاد رہے کہ  تحریک انصاف کی حکومت نے شہریوں اور حکومت کے درمیان رابطے کے ذریعے کے لیے سٹیزن پورٹل نامی موبائل ایپ متعارف کروائی ہے۔ جس میں شہری اپنی شکایات حکومت تک پہنچا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم آفس میں خصوصی سیل ’وزیراعظم ڈیلوری یونٹ‘ قائم کیا گیا ہے جو کہ شہریوں کی شکایات اور اس کے حل کے حوالے سے وزیراعظم کو براہ راست رپورٹ کرتا ہے۔

شیئر: