Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زائد المیعاد برطانوی پاسپورٹ بھی شہریت کے ثبوت کے طور پر قابلِ قبول ہو سکتا ہے: برطانوی وزرات داخلہ

برطانیہ کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ برطانوی دوہری شہریت رکھنے والے افراد متنازع نئے امیگریشن قوانین کے نفاذ کے بعد ایئرلائنز کو اپنی برطانوی شہریت ثابت کرنے کے لیے زائد المیعاد برطانوی پاسپورٹ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق نئے قوانین، جو آئندہ بدھ سے نافذ العمل ہوں گے، کے تحت برطانیہ میں داخل ہونے والے ہر اس شخص کو جو برطانوی دوہری شہریت رکھتا ہو، طیارے، بحری جہاز یا ٹرین میں سوار ہوتے وقت برطانوی پاسپورٹ پیش کرنا ہوگا یا پھر اپنے غیرملکی پاسپورٹ کے ساتھ 589 پاؤنڈ فیس کے عوض حاصل کردہ ’سرٹیفکیٹ آف انٹائٹلمنٹ‘ منسلک کرنا ہوگا۔
ایئرلائنز اور دیگر ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو اس صورت میں جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اگر وہ ایسے مسافروں کو سوار کریں جنہیں ملک میں داخلے کا حق حاصل نہ ہو۔
ان قوانین نے ایسے برطانوی شہریوں کو ذہنی دباؤ کا شکار اور غصہ پیدا کر دیا ہے جن کے سفری منصوبے قریب ہیں لیکن ان کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہو چکی ہے یا ان کے پاس برطانوی پاسپورٹ موجود نہیں، جن میں بیرونِ ملک پیدا ہونے والے بچے بھی شامل ہیں۔
لبرل ڈیموکریٹس نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ افراد کو نئے پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے مہلت دی جائے، کیونکہ یہ عمل کئی ہفتوں پر محیط ہو سکتا ہے۔
لبرل ڈیموکریٹس کے امیگریشن اور پناہ کے ترجمان ول فورسٹر نے کہا کہ ان تبدیلیوں نے بہت سے دوہری شہریت رکھنے والوں کو ’مشکل صورتحال میں ڈال دیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب تک حکومت اس افراتفری کو درست نہیں کرتی، اسے چاہیے کہ ایک عبوری مہلت دے، کیونکہ بہت سے دوہری شہری انتہائی تکلیف دہ حالات میں ہیں، جو بیمار اہلِ خانہ سے ملنے یا شادیوں اور جنازوں میں شرکت سے قاصر ہیں۔ حکومت کو موجودہ نظام کے مقابلے میں کم لاگت اور قابلِ برداشت متبادل بھی فوری طور پر فراہم کرنا چاہیے۔‘
خیال رہے کہ برطانوی اور آئرش دوہری شہریت رکھنے والے افراد ان نئے قواعد سے متاثر نہیں ہوں گے۔
وزارت داخلہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ایئرلائن کمپنیاں ’اپنی صوابدید پر‘ ایک ’زائد المیعاد برطانوی پاسپورٹ کو متبادل دستاویز کے طور پر قبول کر سکتی ہیں۔‘ یہ ٹھیک غیرملکی پاسپورٹ کے علاوہ ہو گا، جو نئے قوانین کے بغیر داخلے کے لیے کافی سمجھا جاتا تھا۔

 

شیئر: